پنجاب کابینہ:عون چوہدری اور فردوس عاشق اعوان عہدوں سے مستعفی
پنجاب کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے۔ ترین گروپ نہ چھوڑنے پر وزیراعلیٰ نے اپنے معاون خصوصی عون چوہدری سے استعفیٰ لے لیا، فردوس عاشق اعوان بھی معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہوگئیں۔ ایم پی اے اسد کھوکھر کو وزارت مل گئی۔ راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ استعفیٰ مانگا تو دیں گے لیکن ترین کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
حکومتی صفوں کو منظم کرنے کیلئے وزیراعلی عثمان بزدار نے معاون خصوصی عون چودھری کو طلب کیا اور جہانگیر گروپ یا سرکاری عہدے میں سے ایک انتخاب کی آپشن دی۔ عون چودھری نے گروپ چھوڑنے کی بجائے عہدہ چھوڑ دیا۔ عثمان بزدار کی منظوری کے بعد ایوان وزیراعلیٰ نے عون چوہدری کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔
وزیراعلی عثمان بزدار سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی ملاقات کی، فردوس عاشق اعوان بھی معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہو گئیں، ان کی نئی ذمہ داریوں کا فیصلہ آئندہ چند روز میں وزیراعظم کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب نے رکن پنجاب اسمبلی اسد کھوکھر کو کابینہ کا حصہ بنانے کی باضابطہ منظوری دے دی۔
ترین گروپ کے ایم این اے راجہ ریاض نے عون چوہدری کے استعفے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم سے بھی اگر استعفیٰ مانگا تو دیں گے لیکن جہانگیر ترین کو نہیں چھوڑیں گے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔