پسنی: فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی، پاک فوج کے کیپٹن اور سپاہی شہید
راولپنڈی :پسنی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، واقعے میں پاک فوج کے کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق بلوچستان کے ضلع پسنی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دہشتگردوں کی نصب شدہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی،سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دہشتگردوں نے پسنی کے علاقے خدا بخش بازار میں بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا ،جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرےمیں لے کر دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔
ترجمان پاک فوج کی طرف سے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ایسے بزدلانہ واقعات سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ملک دشمن ایجنسیوں اورعناصر کو بلوچستان کا امن سبوتاژ کرنے نہیں دیں گے ،سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر ملک کیخلاف سازشیں ناکام بنا دیں گی۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔