'ٹرین حادثہ، سندھ حکومت سیاست سے باز نہیں آرہی '

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا...
شائع 07 جون 2021 08:45pm

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ اس المناک حادثے پر بھی سیاست سے باز نہیں آ رہی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن حکومت وقت کی پالیسی پر تنقید کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ وہ یہ نہیں جانتے کہ اللہ کے فضل سے یہ اس سال کا پہلا حادثہ ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ٹرین حادثوں کی روک تھام کا واحد حل ایم ایل ون ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ اس المناک حادثے پر بھی سیاست سے باز نہیں آ رہی۔

واضح رہے کہ گھوٹکی میں ڈہرکی کے قریب ملت اور سرسید ایکسپریس میں تصادم سے 40مسافر جاں بحق جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ،ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

گھوٹکی میں علی الصبح خوفناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس نے کئی گھرانوں پر قیامت ڈھادی ،کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی 4بوگیاں ریتی ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سےاتر کر ڈاؤن ٹریک پر جاگری،راولپنڈی سےکراچی آنےوالی سرسید ایکسپریس کا ڈرائیوراندھیرے اورموڑ کے باعث ٹرین کی بوگیوں کو نہ دیکھ سکا۔

رات 3بج کر 45منٹ پرسرسید ایکسپریس ٹریک پرپڑی ملت ایکسپریس کی بوگیوں سے جاٹکرائی،حادثے کے باعث سرسید ایکسپریس کی 8بوگیاں مکمل تباہ ہوگئیں۔