'پی ڈی ایم اب ڈکیت موومنٹ بن چکی ہے'

فردوس عاشق نے کہا ہے کہ سندھ میں وڈیرے پانی چوری کرتے ہیں اور...
شائع 04 جون 2021 10:04pm

فردوس عاشق نے کہا ہے کہ سندھ میں وڈیرے پانی چوری کرتے ہیں اور سندھ حکومت اس چوری پر پہرہ دیتی ہے پنجاب سے کم پانی ملنے کا پروپیگنڈہ کرکے سندھ کارڈ کھیلا جارہا ہے، بلدیاتی نظام کی بحالی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں نہ عمران خان نے ملک کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا نہ وہ کسی کو ڈاکہ ڈالنے دے گا، جعلی راج کماری کے خواب زمین بوس ہوچکے ہیں پی ڈی ایم اب ڈکیت موومنٹ بن چکی ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب میں 2600 میل پر پانی بہتا ہے اور صرف چھ فی صد پانی کا نقصان ہے جبکہ سندھ میں چھ سو میل پر پانی سے 39 فی صد پانی چرا لیا جاتا ہے حقیقت یہ ہے کہ سندھ میں وڈیرے پانی چوری کرتے ہیں اور سندھ حکومت اس چوری پر پہلا دیتی ہے پانی کی تقسیم کا رونا رو کر دراصل سندھ کارڈ کھیلا جارہا ہے اور صوبائیت کا پرچار جاری ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں۔

راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ آفس میں خدمت آپ کی دہلیز کے عنوان سے منعقدہ تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ شہر کے پارکس سڑکیں اسپتال اور دیگر پبلک مقامات پر صفائی بہترین طریقے سے ہورہی ہے اور یہ سلسلہ ایک ایپ کے ذریعے جاری ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ شہر سے سینکڑوں ٹن کوڑا اور سالڈ ویسٹ اٹھایا جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نہ صرف عمران خان پانچ سال پورے کریںگے بلکہ عثمان بزدار بھی کریز پر جم کر کھیلیں گے، پی ڈی ایم میں سے پی نکل چکا ہے اب یہ صرف ڈکیت موومنٹ رہ گئی ہے۔

بلدیاتی اداروں کی بحالی پر بات کرتے ہوئے فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے نئے نظام کے تحت یونین کونسلز کی تعداد 229 سے بڑھ کر 359 ہوچکی پے، اب دوہرا نظام کیسے چلے گا، اس سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ رنگ روڈ پنڈی والوں کا حق ہے 36 کلو میٹر رنگ روڈ کا بجٹ اور فزیبلٹی جلد سامنے لائیں گے رنگ روڈ اسکینڈل میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائےگی۔ عمران خان نے نہ خود عوام کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا نہ کسی اور کو ایسا کرنے دیں گے۔