ایکو تنظیم رکن ممالک کے مشترکہ کام کرنیکے کے عزم کا اظہار

صدرڈاکٹرعارف علوی نے اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو)کے رکن ممالک کے...
شائع 01 جون 2021 07:16pm

صدرڈاکٹرعارف علوی نے اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو)کے رکن ممالک کے مابین تعاون اورروابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی معاملات میں مفادات کو ترجیح حاصل ہے جبکہ اس وقت دنیا کو انسانیت اور اخلاقی اقدارکی حامل لیڈرشپ کی ضرورت ہے، مسلما ن ممالک اپنے معاشرت اور معیشت کو مضبوط بناکر عالمی برادری میں اپنا جائز مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کی دوسری جنرل کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدرمملکت نے ایکو ممالک سے کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ یہ کانفرنس رکن ممالک کے مابین دوستی اور ملکر کام کرنے کے عزم کا ظاہر کرتا ہے ۔

صدرِ مملکت نے گزشتہ 60 سے 70سالوں کے دوران مسلم اُمہ کو درپیش بڑے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں نے دہشتگردی اور انتہاءپسندی جیسے چیلنجز سے بہت نقصان پہنچاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کی باہمی لڑائی کے ساتھ ساتھ معاشرتی عدم برداشت سے بھی مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ دنیامیں اسلام کی ایسی تصویر پیش کی گئی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں جبکہ فلسطین اور غیر قانونی بھارتی مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جائز تحریکوں پر دہشتگردی کا لیبل لگایا گیاہے ۔

صدر نے کہاکہ مسلمان دنیا کو دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ اپنے خلاف تعصب کے معاملہ کو بھی اٹھانا چاہیے ، اس مقصد کے لیے دنیا کے ساتھ مکالمے اور بات چیت کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ بین الاقوامی امور میں مفادات کو ترجیح دی جاتی ہے جس کی وجہ سے وہاں اخلاقی اقدار کا فقدان نظرآتاہے ۔ اس صورتحال میں مسلمان اپنی دینی تعلیمات کی روشنی میں انسانیت اور اخلاق پرمبنی لیڈر شپ فراہم کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ایکو ممالک باہمی تعاون اور روابط کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کریں ، علاقائی تجارت اوررابطہ کاری کی اس حوالہ سے بڑی اہمیت ہے جبکہ پاکستان چین اقتصادی راہداری اس کا اہم ذریعہ ثابت ہوسکتی ہے۔ صدرنے کورونا سے پیدا ہونے والی صورتِ حال اور اس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کامیاب کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہو ں نے افغانستان کے مسلئہ کے پائیدار حل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان کے بعد اس کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا۔

صدر مملکت نے اس موقع پر ایکو پارلیمانی اسمبلی کی دوسری جنرل کانفرنس کا باضابطہ افتتاح کیا ۔ قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر و دیگر مندوبین نے بھی خطاب کیا ۔