'پانی کا معاملہ ، وزیراعظم سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں'
وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نےکہا ہےکہ وزیراعظم تمام صوبوں کو پانی کے معاملے پر ساتھ لےکر چلنا چاہتے ہیں، تمام صوبوں کو سہولت فراہم کرنےکو تیار ہیں۔ وزیر آب پاشی پنجاب محسن لغاری کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کسی بھی کسان کا حق مارنے کا سوچ بھی نہیں سکتی ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرمملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ بےشمار ڈیم بننے چاہیے تھے لیکن ماضی کی حکومتوں نے نہیں بنائے،وزیراعظم نے اس دہائی کو ڈیمز بنانے کی دہائی قرار دیا ہے،ان دس سالوں میں 13 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کریں گے۔
وزیرمملکت نے کہا کہ عمران خان تمام کسانوں کا سوچتے ہیں،اپوزیشن ایسا تاثر پیش نہ کرے جس سے ملک کو نقصان ہو، ڈیموں کی تعمیر سے تمام صوبوں کو فائدہ ہوگا۔
وزیر آب پاشی پنجاب محسن لغاری کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کسی بھی کسان کا حق مارنے کا سوچ بھی نہیں سکتی، پانی کی تقسیم 10، 10 دنوں میں ہوتی ہے، اپریل میں پنجاب میں پانی کی قلت45 فیصد تھی اور سندھ میں 9 فیصد تھی،فی الوقت پنجاب کو 22 فیصد اور سندھ کو 17فیصد پانی کی کمی ہے۔
وزیرآب پاشی پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں 2 فیصد پانی کوہ سلیمان سے شامل ہو کر بڑھا ہے، ارسا نے فیصلہ کیا ہے کہ آزادانہ مانیٹر پانی کے حوالے سے لگائے جائیں گے، اس کے لیے ارسا نے وزارت آبی وسائل کو خط بھی لکھ دیا ہے۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔