'بنی گالہ میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج نہیں بنائے جاسکتے'

وزیراعظم آزادکشمیر آزاد راجہ محمد فاروق حیدر نے واضح کیاہے کہ...
شائع 25 مئ 2021 10:09pm

وزیراعظم آزادکشمیر آزاد راجہ محمد فاروق حیدر نے واضح کیاہے کہ بنی گالہ کے بند کمرے میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج نہیں بنائے جاسکتے ۔ این سی او سی کے پاس آزاد کشمیر کے انتخابات ملتوی کرنے کا مینڈیٹ نہیں الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے ۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کوکشمیرسے متعلق پالیسی بیانات دینے پر آڑھے ہاتھوں لیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان پر لازم ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی 1957 کی قرارداد کی خلاف ورزی نہ کریں رائے شماری کے تحت کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف کشمیریوں کو حاصل ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ کوکشمیر سے متعلق سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہئے ۔وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بیانات دینے سے پہلے دفتر خارجہ سے مشورہ کرنا چاہئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل کشمیریوں پر تھوپنے کی کوشش کی گئی دونوں اطراف کے کشمیری مزاحمت کریں گے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات کوملتوی کرنے سے متعلق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر کا کہناتھا کہ آزاد کشمیر کے آئین میں الیکشن موخر نہیں کیے جاسکتے ۔ کنٹرول لائن پر امن اور کورونا کی صورتحال کنٹرول میں ہے این سی او سی کے پاس آزاد کشمیر کے الیکشن کو ملتوی کرنے کا مینڈیٹ نہیں ۔

وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا کہ حکومت نے 29 مئی تک کورونا کی صورتحال کے پیش نظر ایس اوپیز کے تحت صرف 500 افراد پر مشتمل اجتماع کرنے کی اجازت دی ہے البتہ انتخابی ریلیوں پر پابندی قائم رہے گی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کی تاریخ کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں نہیں دھرانے دیں گے آزاد کشمیر کا اپنا الیکشن کمیشن ہے وزیراعظم عمران خان کو قانون پڑھ لینا چاہئے یہاں الیکٹرانک ووٹنگ گیجٹ کا تجربہ نہیں ہونے دیں گے۔