وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ترین گروپ کی ملاقات

جہانگیر ترین گروپ کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی ہے۔ عثمان...
شائع 21 مئ 2021 10:23pm

جہانگیر ترین گروپ کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی ہے۔ عثمان بزدار نے ہم خیال گروپ اراکین کے گلے شکوے سنے اور حل کیلئے احکامات جاری کئے۔

عثمان بزدار نے یقین دلایا کہ انتقام ہمارا شیوہ نہیں۔ گروپ اراکین نے مسائل حل ہونے کی امید کا اظہار کیا۔

جہانگیر ترین گروپ کے آٹھ رکنی وفد نے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال،اجمل چیمہ، سعید اکبر نوانی، نذیر چوہان، عبدالحئی دستی، عمر آفتاب، زوار وڑائچ اور عون چودھری شامل تھے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ کسی سے ناانصافی نہیں ہو گی، گروپ اراکین کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے ہمارے گلے شکوے سنے اور ان کے تدارک کیلئے احکامات دئیے ہیں۔

سعید اکبر نوانی بولے کہ ہم نے کبھی جہانگیرترین کیس میں رعایت نہیں مانگی۔ ہمارا مطالبہ رہا ہے کہ انکوائری میں انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ علی ظفر انکوائری سے مطمئن ہیں۔

ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جہانگیر ترین وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔