ملکی وسائل سے پہلا آئی سی یو وینٹی لیٹر تیار
پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کے سائنسدانوں نے ملکى وسائل سے پہلا آئى سى یو وینٹى لیٹر تیارکرلیا۔ ڈریپ نے استعمال کی منظوری دے دی ۔
پاکستان ایٹمى توانائى کمیشن نے قومی توقعات پر ہمیشہ کى طرح پورا اترتے ہوئے کورونا کى وبا کے تناظرمیں ملکی وسائل سے تیارکردہ پہلا آئی سی یو وینٹى لیٹرآئی لیو (i-Live)کے نام سے متعارف کرا دیا ہے۔ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ترجمان شاہد ریاض کے مطابق ڈریپ نے اس وینٹى لیٹرکے استعمال اورتیاری کی با قاعدہ منظوری دے دی ۔ یہ و ینٹى لیٹرپاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے مقامى وسائل سے تمام ترمروجہ طبى معیارات کےمطابق تیار کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کے ہسپتالوں کے ڈاکٹرزنے بھى قابل قدر رہنمائی فراہم کى۔
بہت سى سائنسى جانچ کے علاوہ یہ وینٹی لیٹرپاکستان انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی سنٹراورپاکستان انجینئرنگ کونسل کے معیارات پر بھى پورا اترا ہے۔ اس وینٹیلیٹرمشین پرجناح ہسپتال لاہورمیں بھى جانچ کى گئى ۔ اس جانچ میں بہت سے ماہرین جن میں طبى ماہرین اور بائیو ٹیکنالوجی اوربائیو میڈیکل انجینئرزشامل تھے،ان تمام نے اس کوکامیاب قرارديا ہے۔
اس موقع پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم (ہلال امتیاز ۔ ستارہ امتیاز ) نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ۔ ڈریپ کی اس فائنل منظورى کے بعد I-Live نامى اس و ینٹى لیٹر کى بڑے پیمانے پر تیارى شروع کردى جائے گى تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے دنوں میں مریضوں کو جلد از جلد یہ سہولت مہیا کى جاسکے۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔