آمدن سے زائد اثاثہ جات، خواجہ آصف کی ضمانت پر سماعت ملتوی

لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ آصف کی...
شائع 20 اپريل 2021 06:45pm

لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔

عدالت نے نیب راولپنڈی کے جواب کی کاپی دوسری فائل میں لگانے کا بھی حکم دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے خواجہ آصف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس پر سماعت کی۔

جسٹس عالیہ نیلم نے نیب پراسیکوٹر کو مخاطب کرتے کہا کہ نیب راولپنڈی کی طرف سے جواب کی کاپی دوسری فائل میں نہیں ہے، عدالت کے حکم پر نیب کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا جس میں نیب نے خواجہ آصف کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی۔

اپنے جواب میں نیب نے موقف اختیار کیا کہ خواجہ آصف نے اپنے خاندان کے افراد کے ناموں پر جائیدادیں بنائیں، خواجہ آصف نے اپنی آمدن کا مرکزی ذریعہ دبئی کی کمپنی کو بنایا، مگر اس کے ٹھوس شواہد نہیں دے سکے، لہذا ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کی جائے۔ عدالت نے نیب کو فائل مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کردی۔