دَیا بین نے “تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ” کو خیرباد کہہ دیا

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کا مقبول ترین ڈرامہ سیریل "تارک مہتا کا...
شائع 30 مارچ 2021 12:16pm

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کا مقبول ترین ڈرامہ سیریل "تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ" میں دَیا بین کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ دیشا وکانی نے مستقل طور پر شو چھوڑ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرامہ "تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ" میں جیٹھا لعل کی اہلیہ دَیا بین کا کردار نبھانے والی اداکارہ دیشا وکانی نے کچھ عرصہ قبل بچے کی پیدائش کی وجہ سے شو سے عارضی طور پر دوری اختیار کی تھی۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بتایا جارہا ہے کہ اب دَیا بین نے مکمل طور پر ڈرامہ سیریل "تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ" چھوڑ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈرامے کے پروڈیوسرز نے دَیا بین کے شو چھوڑنے کے حوالے سے بات چیت کی تھی لیکن اُن کے درمیان ہونے والی گفتگو کامیاب نہ ہوسکی جس کے بعد دَیا بین نے مستقل طور پر ڈرامہ سیریل "تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ" چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دَیا بین کے یوں اچانک مستقل طور پر شو چھوڑنے کے فیصلے نے اُن کے مداحوں کو اُداس کردیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل "تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ" ایک طویل عرصے سے بھارتی ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے۔

ڈرامہ سیریل "تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ" کے ناصرف بھارت میں چرچے ہیں بلکہ پاکستان میں بھی اس ڈرامے کو خوب مقبولیت ملی ہے۔

اس ڈرامہ سیریل کی اب تک تقریباََ تین ہزار اقساط نشر ہوچکی ہیں۔