مشترکہ فوجی آپریشن کامیابی کی ضمانت، سربراہ پاک بحریہ

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نےپی اے ایف ایئر وار...
شائع 26 مارچ 2021 11:28pm

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نےپی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ فیصل کا دورہ کیا۔انھوں نےکہا کہ دور حاضر میں مشترکہ فوجی آپریشن کامیابی کی اصل ضمانت ہیں۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پی اے ایف ائیروار کالج انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیاانکی آمد پر ائیر وائس مارشل ذوالفقار احمد، صدر ائیر وار کالج انسٹیٹیوٹ نے استقبال کیا۔

ایئر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ ہمیں دنیا میں ابھرتے ہوئے رحجانات کا جائزہ لینا چاہئے اور آج کی دنیا کو درپیش پیچیدہ اور متحرک سیکیورٹی ماحول سے نمٹنے کے لئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دورحاضر میں مشترکہ فوجی آپریشنز ہی کامیابی کی اصل ضمانت ہیں کیونکہ آج کی جنگ میں کوئی بھی عسکری قوت تن تنہا کامیابی حاصل نہیں کرسکتی۔

نیول چیف نے ادارے میں زیر تعلیم غیر ملکی افسران سے بھی ملاقات کی۔پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ پاک فضائیہ کا ایک باوقار ادارہ ہے، جہاں پاکستانی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران اہم کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کے لئے کورس کرتے ہیں۔

کورس کے دوران شرکاء کو سو سے زائد مضامین کے ماہرین کی آراء سے متعارف کروایا جاتا ہے جن میں سول اور ملٹری پروفیشنلز، ڈپلومیٹ، اسکالرز، وکلاء، صنعتکار، سائنسدان، اکنامسٹ اور میڈیا پرسنل قابل ذکر ہیں۔

بین الاقوامی اساتذہ اور اسٹریٹیجسٹس کے ساتھ خصوصی بات چیت بھی اس کورس کا ایک اہم پہلو ہے۔