موٹروے گینگ ریپ کیس، متاثرہ خاتون نے بیان ریکارڈ کرادیا

لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیس کے جیل ٹرائل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔...
شائع 11 مارچ 2021 07:56pm

لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیس کے جیل ٹرائل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ متاثرہ خاتون نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔ کیس میں اب تک چونتیس گواہان اپنا بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں۔

موٹروے زیادتی کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کوٹ لکھپت جیل میں کی۔ عدالت میں متاثرہ خاتون نے اپنا بیان قلمبند کروایا اور کمرہ عدالت میں ملزمان عابد ملہی اور شفقت عرف بگا کو بھی شناخت کیا۔ اس سے قبل تفتیش میں بھی متاثرہ خاتون نے جیل جا کر ملزمان کی شناخت کی تھی۔ عدالت میں متاثرہ خاتون کے 3 کمسن بچوں کو بھی پیش کیا گیا۔

تاہم عدالت نے بچوں کے کم عمر ہونے کی وجہ سے بیان ریکارڈ نہ کرنے کا حکم جاری کیا۔ اس کیس میں جیل ٹرائل کے دوران 34 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔ جن میں تفتیشی افسر انسپکٹر محمد سلیم، عابد ملہی اور شفقت بگا کا ڈی این اے لینے والے افراد، اسپیشل پراسکیوٹر عابد بھٹی، اسپیشل پراسکیوٹر حافظ اصغر اور گواہ عبدالجبار شامل ہیں۔

مجسٹریٹ کینٹ محمد علی، انسپکٹر محمد وسیم کے بیان پر جرح بھی مکمل ہو چکی ہے۔