'ماضی میں تعلیم اور صحت کے شعبے کو نظرانداز کیا گیا'

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں صحت اور تعلیم کے شعبوں...
شائع 12 فروری 2021 07:49pm

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو نظرانداز کیا گیا جس کی وجہ سے صحت کا نظام غیر موثر ہوگیا اور سب سے زیادہ نقصان غریب عوام کو ہوا۔

وزیر اعظم نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لئے اقدامات کریں. وزیر اعظم نے ماحولیاتی تبدیلی پر شہروں میں جنگلات لگانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

وزیر اعظم عمران خان لاہور پہنچے تو وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ان سے ملاقات کی اور پنجاب کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی امور پر گفتگو کی۔

وزیر اعظم کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سال کے آخر تک صوبے کی سو فیصد آبادی کو ہیلتھ انشورنس فراہم کردی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام خصوصا نچلے طبقے کو صحت کی معیاری اور سستی سہولیات کی فراہمی اور سماجی تحفظ فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب میں فروٹ اور سبزی منڈیوں کی تعداد میں اضافے اور آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ انتظامیہ قیمتوں کے اتار چڑھاو کو مانیٹر کرکے غیر ضروری اضافے کے خاتمے کو یقینی بنائے۔

جیلانی پارک میں پودا لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 13 برسوں میں لاہور میں 70 فیصد درخت کم ہوئے ہیں جس سے سموگ میں اضافہ ہوا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اب ہم خاموش انقلاب کی طرف بڑھتے ہوئے زیتون کے جنگلات اگانے جارہے ہیں، چند برسوں میں امپورٹ کی بجائے ایکسپورٹ کریں گے. بزنس مین ٹیکس تو نہیں دیتے مگر ماحولیاتی تبدیلی کیلئے انہیں شامل کریں گے تو عطیات ضرور دیں گے۔