اشیائے ضروریہ کی قیمتیں، ضلعی انتظامیہ کو ذمے داری تفویض

وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ کابینہ نے اشیائے ضروریہ کی...
شائع 09 فروری 2021 08:28pm

وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ کابینہ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ذمہ داری سونپ دی ہے، 30احتساب عدالتوں کے قیام کی منظوری دی ہے۔

وزیراعظم نے وزارت بجلی کو ہدایت کی ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت قابل قبول نہیں،ایک ہفتے میں 60 کے قریب پبلک سیکٹر اداروں کے سی ای اوز کی تعیناتی کی ہدایت بھی کی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کی مہنگائی کنٹرول کرنے کی طرف توجہ ہے اس ضمن میں فیصلہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ ذمہ دار ہوگی، اس سے قیمتیں یکساں کرنے میں مدد ملے گی، سمگلنگ پر قابو پانا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم کی سمگلنگ روکنے کے لئے اقدامات کئےگئے، سگریٹ کی سمگلنگ بھی روکنا ہے،

شبلی فراز نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سےچھ سال پرانی گندم ریلیز کی جارہی ہے جس پر وفاقی کابینہ نےسخت تشویش کا اظہار کیا، سندھ حکومت نے گندم کی ذخیرہ اندوزی کرکے ڈاکہ ڈالا ہے، یہ گندم عوام کے لئے مضرصحت ہے، کراچی کے عوام کو اس پر احتجاج کرنا چاہئے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ شوگر رپورٹ پر بھی عملدرآمد کیا جارہا ہے، مافیاز کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لئے اقدامات کئے گئے، وزیراعظم نے پبلک سیکٹرکمپنیوں کے سی ای اوز کی تعیناتی کیلیئے وزیراعظم نے ایک ہفتے کا وقت دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہر شخص کا حق ہے، اسی لئے پی ڈی ایم کے احتجاج میں رکاوٹ نہیں ڈالی۔

وزیراعظم نے وزارت بجلی کو ہدایت کی ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت قابل قبول نہیں، ملک میں تیس احتساب عدالتوں کے قیام کی منظوری دے دی ہے جس سے احتساب مقدمات تیزی سے نمٹانے میں مدد ملے گی ۔