رانا ثناء اللہ کی عبوری ضمانت میں 10 مارچ تک توسیع

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کے ...
شائع 09 فروری 2021 07:02pm

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبوری ضمانت میں 10 مارچ تک توسیع کر دی۔

جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے رانا ثناء اللہ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

رانا ثناءاللہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دو درخواستوں میں سے ایک میں نیب نے جواب دے دیا ہے جبکہ ایک میں جواب باقی ہے۔جس میں ہم نے چیئرمین نیب کے دائرہ اختیار کوچیلنج کر رکھا ہے جس کا جواب ابھی تک نہیں ملا۔ نیب نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں جاری وارنٹ گرفتاری میں جواب جمع کروایا ہے، جس کے مطابق رانا ثناء اللہ نے پبلک آفس ہولڈر ہوتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثے بنائے جبکہ این ایف کا موقف ہے کہ یہ اثاثے منشیات کی آمدن سے بنائے گئے۔

نیب پراسیکیوٹر نےعدالت کو بتایاکہ اے این ایف اور نیب میں دونوں مقدمات مختلف ہیں۔ عدلت نے ریمارکس دیےکہ ایک پراپرٹی یا تو منشیات کے پیسے سے بنی ہے یاپھر آمدن سے زائداثاثوں میں آتی ہے۔آپ رانا ثناءاللہ کے وکلاء کو جواب فراہم کر دیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا نیب آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام کے تحت انکوائری کر رہا ہے۔ چیئرمین نیب نے اپنے اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے انکوائری کی منظوری دی۔وہ نیب کی طلبی نوٹسز کے بعد مسلسل نیب آفس میں پیش ہو رہے ہیں، عدالت نے کیس کی سماعت دس مارچ تک ملتوی کردی۔