قومی خواتین کرکٹ ٹیم ہرارے پہنچ گئی

ہرارے: قومی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ دورہ زمبابوے کیلئے ہرارے...
شائع 04 فروری 2021 11:15pm

ہرارے: قومی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ دورہ زمبابوے کیلئے ہرارے پہنچ گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 9 فروری سے شروع ہوگی۔

پی سی بی کے مطابق سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔ یہ سیریز پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کیلئے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائرز کی تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی، ایونٹ رواں سال کھیلا جانا ہے۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ مکمل کرنے کے بعد 4 فروری بروز جمعرات کو زمبابوے پہنچی۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف کھیلی گئی تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-3 اور 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان کا کہنا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کسی بھی مہمان ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوتا گو کہ اس سیریز کے نتائج پاکستان کے حق میں نہیں رہے تاہم قومی خواتین کرکٹرز نے یہاں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس دورے سے ہمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر کی تیاریوں میں بہت مدد ملی ہے۔

جنوبی افریقہ سے زمبابوے پہنچنے والا پاکستان اب دنیا کا وہ واحد ملک بن گیا ہے کہ جس کی خواتین کرکٹ ٹیم نے کوویڈ 19 کے باوجود 2 ممالک کا دورہ کیا ہے۔ پی سی بی اپنی ایلیٹ ویمنز کرکٹرز کو کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے۔

اس سے قبل پی سی بی نے عالمی وباء کے دنوں میں 27 ایلیٹ ویمنز کرکٹرز کو کنڈیشنگ کیمپ میں طلب کیا تھا۔ یہ کیمپ گزشتہ سال اکتوبر میں کراچی میں لگایا گیا تھا، جس کے بعد 7 میچوں پر مشتمل نیشنل ٹرائنگولر ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، پھر دورہ جنوبی افریقہ سے قبل قومی خواتین کرکٹرز نے 21 روز پر مشتمل نیشنل کیمپ میں شرکت کی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ہماری کرکٹرز نے انفرادی طور پر بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم ہمیں اچھے نتائج حاصل کرنے کیلئے اجتماعی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جنہوں نے دورہ جنوبی افریقہ میں اپنی قابلیت کا اظہار کیا ہے اور وہ بھی ایک ایسے موقع پر کہ جب ٹیم کی سب سے تجربہ کار بیٹر بسمہ معروف دورے سے دستبردار ہوئیں اور کپتان جویریہ خان نے 2 میچوں میں شرکت نہ کی ہو۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ عائشہ نسیم نے بیٹنگ اور فاطمہ ثناء نے بولنگ جبکہ ٹیم میں واپس آنے والی آل راؤنڈر کائنات امتیاز نے دورہ جنوبی افریقہ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالیہ ریاض نے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں سب سے زیادہ، 136 رنز بنائے جبکہ ڈیانا بیگ نے سب سے زیادہ 9 وکٹیں حاصل کیں، سیریز کے دوران جویریہ خان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی نویں نصف سنچری بنائی۔

ڈیوڈ ہیمپ نے مزید کہا وہ پرامید ہیں کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے کے خلاف سیریز میں دورہ جنوبی افریقہ میں کی گئی غلطیاں نہیں دہرائے گی۔

شیڈول:

9 فروری: پچاس اوورز پر مشتمل پہلا میچ

11 فروری: پچاس اوورز پر مشتمل دوسرامیچ

13 فروری: پچاس اوورز پر مشتمل تیسرا میچ

16 فروری: پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ

18 فروری :دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ

20 فروری : تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ