لاہور: کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع

لاہور میں بھی کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو گیا۔ پہلے روز...
شائع 03 فروری 2021 07:40pm

لاہور میں بھی کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو گیا۔ پہلے روز میو اسپتال میں تین ڈاکٹرز اور دو پیرا میڈیکل سٹاف کو ویکسین لگائی گئی۔

یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ وائرس ابھی ختم نہیں ہوا، پہلے مرحلے میں پنجاب میں 189 مراکز پر ہیلتھ ورکرز کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔

لاہور میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا افتتاح کیا۔

پہلے روز میو اسپتال میں قائم خصوصی ویکسینیشن سنٹر میں تین ڈاکٹرز سمیت پانچ ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی گئی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہیلتھ ورکرز نے کورونا وائرس کے خلاف جان ہیھتلی پر رکھ کر جنگ لڑی، ویکسین پر سب سے پہلا حق ہیلتھ ورکرز کا بنتا ہے۔

یاسمین راشد نے بتایا کہ ویکسین کی 70 ہزار ڈوز پنجاب میں آئی ہیں، جس میں سے 32 ہزار ڈوز پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو دی گئی ہیں۔ ریسکیو اور لیب ورکرز کو بھی پہلے مرحلے میں کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔

محکمہ صحت کی جانب سے پنجاب بھر میں 189 کورونا ویکسینیشن سنٹر بنائے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں 65 سال سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔