پاک جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریاں زور و شور سے جاری

لاہور: پاک جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریاں زور...
شائع 02 فروری 2021 10:01pm

لاہور: پاک جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔ جنوبی افریقہ کے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی بدھ کو لاہور پہنچیں گے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے قذافی اسٹیڈیم کے تاریخی میدان کو میزبانی کیلئے تیار کیا جارہا ہے۔ بیٹنگ کیلئے سازگار 2 پچز تیار کردی گئی ہیں۔

گراؤنڈ اسٹاف کے مطابق پچز بیٹنگ کیلئے سازگار ہوں گی، گراؤنڈ میں پریکٹس کیلئے بھی پچز تیار کردی گئی ہیں جبکہ انکلوژرز کی صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں سیکیورٹی حکام اور پی سی بی کے مشترکہ اجلاس میں پاک جنوبی افریقہ سیریز کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کی پریکٹس اور ٹیموں کو پریکٹس کیلئے ہوٹل سے اسٹیڈیم لانے اور لے جانے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے کھلاڑی بدھ کو لاہور پہنچنے کے بعد بائیو سیکیور ببل جوائن کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز 11، 13 اور 14 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔