ناردرن کو سپراوورمیں شکست، کےپی کےپاکستان کپ کےفائنل میں پہنچ گئی

کراچی: خیبرپختونخوا نے ناردرن کو سپر اوور میں شکست دے کر پاکستان...
شائع 30 جنوری 2021 07:05pm

کراچی: خیبرپختونخوا نے ناردرن کو سپر اوور میں شکست دے کر پاکستان کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ فاتح ٹیم 31 جنوری بروز اتوار کو حتمی معرکے میں سنٹرل پنجاب کے مدمقابل آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیمیں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں بھی مدمقابل آچکی ہیں، وہ میچ ٹائی ہوگیا تھا اور دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا تھا۔

خالد عثمان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم نے سپر اوور میں ناردرن کو جیت کیلئے ایک اوور میں 16 رنز کا ہدف دیا تاہم عمران خان سینئر کی عمدہ بولنگ کی بدولت ناردرن کی دونوں وکٹیں صرف 2 رنز پر گرگئیں اور خیبرپختونخوا کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔ جواب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم بھی مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بناسکی۔

خیبرپختونخوا نے اوپنر صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت میچ برابر کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 144 گیندوں پر 132 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے اوپنر مصدق احمد کے ہمراہ 127 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ مصدق احمد نے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 62 رنز اسکور کئے۔

ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ خیبرپختونخوا کا کوئی دوسرا کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا تاہم محمد وسیم جونیئر نے 13 گیندوں پر 18 اور آصف آفریدی نے 7 گیندوں پر 14 رنز بناکر میچ برابر کردیا۔ دونوں بلے باز ناٹ آؤٹ رہے۔

ناردرن کے اطہر محمود نے 2 جبکہ مبصر خان، حماد اعظم اور وقاص احمد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ناردرن کے کپتان حماد اعظم نے 63 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 94 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ انہوں نے وکٹ کیپر روحیل نذیر کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلئے 89 رنز کی شراکت قائم کی۔ روحیل نذیر نے 57 رنز اسکور کئے جبکہ اوپنر حیدر علی 65 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر اور آصف آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر اوپنر صاحبزادہ فرحان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔