سمندر پار پاکستانیوں کیلئے پارلیمان کی رکنیت،ترمیم لانے کا اعلان

حکومت نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے اور سمندرپار...
شائع 28 جنوری 2021 08:06pm

حکومت نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے اور سمندرپار پاکستانیوں کو رکن پارلیمنٹ بنانے کا حق دینے کے لیے انتخابی اصلاحات کا آئینی ترمیم بل پارلیمنٹ میں لانے کا اعلان کردیا۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں ہماری نشستیں کم ہوں یا زیادہ ، انتخابات شفاف ہونے چاہیئں۔ جو لوگ چھپ کر کارروائی ڈالتے ہیں وہ آئینی ترمیم کی حمایت نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں وزیراطلاعات شبلی فرازکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے اور سمندرپار پاکستانیوں کو رکن پارلیمنٹ بنانے کا حق دینے کے لیے انتخابی اصلاحات آئینی ترمیم بل لارہے ہیں۔ بل کے پہلے حصے میں سنگل ووٹ کے بجائے اوپن ووٹ کا لفظ استعمال کیا ہے۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ جو لوگ چھپ کر کارروائی ڈالتے ہیں وہ آئینی ترمیم کی حمایت نہیں کریں گے۔ ترمیم کے بعد جس کے پاس دہری شہریت ہوگی وہ الیکشن لڑ سکے گا۔ الیکشن جیتنے کے بعد حلف لینے سے پہلے شہریت چھوڑنا ہوگی ۔

وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف اس بات کی قائل ہے کہ سینیٹ انتخابات شفاف ہونے چاہئیں چاہے اس کی کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے ۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ انتخابات میں 20 اراکین صوبائی اسمبلی کو غلط ووٹ دینے کے شبہے میں پارٹی سے نکال دیا تھا۔ اپوزیشن سے امید رکھتے ہیں کہ وہ میثاق جمہوریت کے تحت سینیٹ کے شفاف انتخابات کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی ۔