آصف زرداری ریفرنس منتقلی درخواستیں،نیب سمیت ملزمان کو نوٹسز جاری

سپریم کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کی ریفرنس منتقلی درخواستوں پر...
شائع 27 جنوری 2021 06:42pm

سپریم کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کی ریفرنس منتقلی درخواستوں پر نیب سمیت ملزمان کو نوٹسز جاری کردیے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کا 7 جنوری 2019 کا فیصلہ حتمی ہے۔ عملدرآمد روک سکتے نہ ہی اسے تبدیل کرسکتے ہیں۔

جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔

آصف زرداری کےوکیل فاروق ایچ نائیک نےدلائل دیےکہ نیب قانون کےتحت مقدمہ منتقلی کی درخواست دیناقانونی حق ہے۔عدالتی حکم سےقانونی حق ختم نہیں کیا جاسکتا۔

جسٹس عمرعطاء بندیال نے ریمارکس دیے کہ فیصلے میں بہت سے الزامات کا ذکر ہے، جس کی وجہ سے کیس اسلام آباد میں دائر ہوئے۔

فاروق ایچ نائیک نے نیب سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ نیب سے پوچھ لیں کیا وہ الزامات اب بھی برقرار ہیں۔

جسٹس منیب اخترنے کہاکہ اتنے ملزمان کونوٹس جاری کرنا لازمی نہیں۔

بینچ سربراہ نے کہاکہ وکیل میلہ لگانا چاہتے ہیں تو لگا لیں، عدالت کا وقت محدود ہوتا ہے، اس حساب سے ہی سنیں گے۔

عدالت نے نیب، آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگرملزمان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کردی۔