محمد حفیظ ہیڈ کوچ مصباح الحق کے دفاع میں بول پڑے

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ ہیڈ کوچ...
شائع 20 جنوری 2021 07:00pm

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ ہیڈ کوچ مصباح الحق کے دفاع میں بول پڑے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم منیجمنٹ سے زیادہ فرینڈلی ماحول کبھی نہیں ملا، گراؤنڈ میں پرفارم کرنا کھلاڑی کی ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سے کھیلنا ترجیح ہے، جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے دستیاب ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2020 میرے کیرئیر کا بہترین سال رہا، کوشش ہے کہ اس سال کو بھی کامیاب بناؤں۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹین لیگ کا معاہدہ این او سی کے بعد کیا، پاکستان کیلئے دستیاب ہوں، ٹی ٹین لیگ سے بروقت واپس آکر بائیوببل جوائن کرسکتا ہوں۔

محمد عامر کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ عامر کا ذاتی فیصلہ ہے، اُن کی کبھی مخالفت نہیں کی، میرا اختلاف اُن کے عمل سے ہے۔ پروفیسر نے مزید کہا کہ فکسرز کے حوالے سے میرا ایک اصولی مؤقف ہے جس پر قائم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 14 سال بعد جنوبی افریقہ کا پاکستان آنا ایک اہم موقع ہے، پروٹیز کیخلاف کامیابی کیلئے پاکستان کو بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ پاکستان ٹیم اپنی آخری سیریز میں اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکی جس کا دباو ہوگا۔

محمد حفیظ نے بھارتی کرکٹ کے نظام کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کھلاڑی کو پراڈکٹ بنایا جاتا ہے، بطور مداح آسٹریلیا میں بھارت کی کارکردگی پر خوشی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گراس روٹ کرکٹ میں 2 سال کا گیپ آیا ہے، اس کا بہت بڑا نقصان ہے، نیا سسٹم کے گراس روٹ لیول پراثرات نہیں پڑ رہے۔

پروفیسر نے کہا کہ کوچز کے فیصلوں کے بارے میں بیان نجم سیٹھی کی اپنی رائے ہے۔