'اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے'
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان واضح کر چکا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے کوئی دباؤ نہیں، اسرائیل تسلیم کرنے کا متحدہ عرب امارات کے ویزہ معاملہ سے کوئی تعلق نہیں،کہتے ہیں بھارت کا موجودہ فوجی نظام انکی غیر ذمہ دارانہ سیاست کے تحت خطرناک ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بھارت کی پاکستان مخالف مہم بے نقاب ہوئی، پاکستان کے حالیہ ڈوزیئر میں بھارت کی پاکستان میں تخریب کاری منصوبہ بندی مالی امداد اور رابطوں کو بے نقاب کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کو سوچ لینا چاہیے کہ ایسی غلط بیانی پر مبنی مہمات ماضی میں ناکام ہوئیں اور اب بھی ہوں گی، ترجمان نے کہا کہ بھارت کا موجودہ فوجی نظام انکی غیر ذمہ دارانہ سیاست کے تحت خطرناک ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ فوجی مبصرین کی گاڑیوں پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ہم ان کے نتایٔج کا انتظار کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کی معلومات پر سخت نوٹس لیا اور ان تمام معلومات کا تبادلہ عالمی برادری سے بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کہ 507 روز ہو چکے بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لئے ایل او سی پر کشیدگی بڑھا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کریمہ بلوچ کے قتل کے فوری بعد ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل نے پولیس سے رابطہ کیا،پولیس کے مطابق کریمہ بلوچ کے قتل میں کوئی جرم کے شواہد نہیں ملے، زاہد حفیظ نے کہا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں اور متحدہ عرب امارات کے ویزہ ایشو کا اسرائیل تسلیم کرنے سے تعلق نہیں، پاکستان فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔