کابینہ بیٹھک، سینیٹ انتخابات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کی اہم بیٹھک ہوئی ہے،...
شائع 22 دسمبر 2020 08:24pm

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کی اہم بیٹھک ہوئی ہے، اپوزیشن تحریک اور سینیٹ انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔

وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا وفاقی کابینہ کا ہرفیصلہ اجتماعی حیثیت میں ہوتا ہے، کوئی لابی کسی وزیر کے ذریعے دباؤ ڈالے یہ قابل قبول نہیں ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی وزیر کو کوئی لابی تنگ کرے تو وہ کابینہ کو یا مجھے الگ سے بتائے، ہم فیصلے کسی کے دباؤ میں نہیں بلکہ شفاف اور میرٹ پر کریں گے۔

اجلاس میں مردم شماری پر وزرا کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی ۔ وفاقی وزیر امین الحق نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ مردم شماری کرانے کا اختلافی نوٹ پیش کیا ۔ کابینہ نے ایم کیوایم کے اختلافی نوٹ کے ساتھ رپورٹ کو منظور کرلیا۔

اجلاس میں ساتویں مردم شماری کرانے کیلیے بھی بات چیت کی گئی، جس پر وزرا نے رائے دی کہ آئین کے تحت حکومت کسی بھی وقت مردم شماری کروا سکتی ہے ۔ آئندہ مردم شماری میں مرکزی کردار نادرا کا ہونا چاہیے، کابینہ نے مردم شماری کے معاملے پر مزید مشاورت کیلیے وزارتی کمیٹی قائم کردی۔

اجلاس میں الیکٹرک وہیکل اور موبائل مینوفیکچرنگ پالیسیوں سمیت کئی اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔