نیوزی لینڈ میں 5 ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کااعلان

نیپئر: نیوزی لینڈ کے دورے میں شامل پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز...
شائع 21 دسمبر 2020 05:32pm

نیپئر: نیوزی لینڈ کے دورے میں شامل پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان شاہینز کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل دس کرکٹرز 23 دسمبر کو ترنگا سے ہملٹن پہنچ کر پاکستان شاہینز کو جوائن کرلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد حسنین، حارث رؤف، عثمان قادر، موسیٰ خان، وہاب ریاض، افتخار احمد، عبداللہ شفیق اور حسین طلعت شامل ہیں۔

عماد وسیم 23 دسمبر کوبگ بیش لیگ کھیلنے آسٹریلیا جبکہ محمد حفیظ 24 دسمبر کو وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔ فاسٹ بولر حارث رؤف 6 جنوری کو نیوزی لینڈ سے آسٹریلیا روانہ ہوں گے، جہاں وہ بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کریں گے۔

نیوزی لینڈ اے کے خلاف وانگرائے میں کھیلے گئے واحد چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز نے 89 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ میچ میں فواد عالم اور روحیل نذیر کی سنچریوں سمیت فاسٹ بولرز محمد عباس اور نسیم شاہ کی عمدہ کارکردگی نے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اظہر علی نے پہلی اننگز میں 58 اور دوسری میں 29، فواد عالم نے پہلی اننگز میں 3 اور دوسری اننگز میں 139 رنز بنائے۔ محمد عباس اور نسیم شاہ نے بالترتیب پہلی اننگز میں 4 اور ایک جبکہ دوسری اننگز میں 1 اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان شاہینز کا اسکواڈ:

روحیل نذیر (کپتان، وکٹ کیپر)، حیدر علی،ذیشان ملک، عماد بٹ، ظفر گوہر، دانش عزیز، افتخار احمد، خوشدل شاہ،حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، عثمان قادر،وہاب ریاض، موسیٰ خان اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔

شیڈول

ستائیس دسمبر: پاکستان شاہینز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ، بمقابلہ ناردرن نائٹس بمقام ہملٹن

انتیس دسمبر: پاکستان شاہینز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ، بمقابلہ ویلنگٹن فائر برڈزبمقام ویلنگٹن

یکم جنوری: پاکستان شاہینز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ، بمقابلہ کینٹر بری بمقام لنکن

تین جنوری: پاکستان شاہینز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ، بمقابلہ نیوزی لینڈ الیون، بمقام لنکن

پانچ جنوری: پاکستان شاہینز کا پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ، بمقابلہ نیوزی لینڈ الیون، بمقام لنکن

پاکستان شاہینز کا اسکواڈ 7 جنوری جبکہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ 9 جنوری کو پاکستان روانہ ہوگا۔