محمد عامر کو بگ بیش لیگ کا رواں سیزن کھیلنے کی آفر
حال ہی میں قومی ٹیم کی مینجمنٹ سے ناراض ہوکر ریٹائرمنٹ لینے والے فاسٹ بولر محمد عامر کو آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کھیلنے کی آفر ہوئی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق محمد عامر سے بگ بیش لیگ کی ایک ٹیم نے رابطہ کیا ہے، جس میں اُنہیں لیگ کے رواں سیزن میں نمائندگی کی آفر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں عامر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے اور اب میں یہ برداشت نہیں کرسکتا اس لئے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ مجھے ہر بات پر یہی طنز کیا جاتا ہے کہ آپ پر پاکستان نے بہت انویسٹ کیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ میرا ذاتی فیصلہ تھا مگر اسے اس طرح پیش کیا گیا جیسے میں ملک کیلئے کھیلنا ہی نہیں چاہتا، "ارے بھائی ملک سے کون نہیں کھیلنا چاہتا"؟ مزید کہا کہ کبھی بولنگ کوچ کہتے ہیں عامر نے ڈچ کردیا تو کبھی کہتے ہیں اس کا ورک لوڈ نہیں تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے اعلان کردہ 35 کھلاڑیوں میں میرا نام نہیں آیا تو مجھے دبے لفظوں میں کہا گیا کہ بھائی صاحب آپ ہمارے مستقبل کے پلان میں نہیں ہیں۔
محمد عامر کے اس انٹرویو پر جب پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو نے اُن سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ وہ مزید انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے لہذا آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کیلئے ان کے نام پر غور نہ کیا جائے۔
پی سی بی نے عامر کے فیصلے پر کہا کہ یہ اُن کا ذاتی فیصلہ ہے اور بورڈ اس کا احترام کرتا ہے۔
خیال رہے کہ محمد عامر نے پاکستان کیلئے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 50 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔