'حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتیں دونوں ناکام ہوچکی ہیں'

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت...
شائع 19 دسمبر 2020 07:01pm

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتیں دونوں ناکام ہوچکی ہیں۔اپوزیشن کئی بار حکومت میں رہی اس نے بھی عوام کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں ڈالی ہیں۔ پورا ملک بیروزگاری اور بدامنی کی لپیٹ میں ہے ۔ اس ملک کو صرف علماءو مشائخ ہی بچاسکتے ہیں. اگر ملک کو فوج بچاسکتی تو بنگلادیش نہیں بنتا۔

حیدرآباد میں علماءومشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کسی کابینہ کے کسی ایجنڈے میں قرآن کا فیصلہ نہیں ہوتا۔اس ملک میں باطل کا نظام ہے جو ظالمانہ نظام کو سپورٹ کرتا ہے جس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کے سیاستدان خدابننے کی کوشش کررہے ہیں۔ان کی خواہش ہے کہ وہ جو چاہتے ہیں اس پر عمل کیا جائے اور انہیں مشکل کشا کہا جائے۔ان حکمرانوں نے پانچ لاکھ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ضائع کردیا۔ بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا ہوا ہے اس نے کشمیریوں کو ان کے جغرافیے سے بھی محروم کردیا۔

انہوں نے کہاکہ مودی کا ایجنڈا ہےکہ بابری مسجد پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر پربھی قبضہ کرلیا جائےاور پاکستان کو پانیوں سے بھی محروم کردیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ جب افغانستان کے غریب اور مفلس عوام 40 ممالک کی نیٹو فوج کو شکست دے سکتے ہیں تو پاکستان کے علماء و مشائخ کیوں اس باطل نظام کو ختم نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہاکہ انگریز چلا گیا اس کا نظام ابھی باقی ہے ۔ہماری عدالتوں میں قرآن کا نظام نہیں ۔ہماری معیشت سود پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں قادیانیوں کی سازشیں جاری ہیں ، شان اہل بیت ، شان صحابہ محفوظ نہیں۔ہمارے دربار ، خانقاہ اور تہذیب و کلچر محفوظ نہیں۔ حد کہ پورا پاکستان غیر محفوظ ہوچکا ہے۔