نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 5 وکٹوں سے پچھاڑ دیا
آکلینڈ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں کیویز نے شاہینوں کیخلاف 5 وکٹوں سے فتح سمیٹ کر 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق آکلینڈ کے میدان پر پاکستان کے کپتان شاداب خان نے تاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا مگر قومی ٹیم کا آغاز انتہائی تباہ کن ثابت ہوا اور محض 39 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
کپتان شاداب خان نے پہلے خوشدل شاہ اور پھر عماد وسیم کے ساتھ شراکت داری قائم کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا جبکہ اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے جارحانہ بلے بازی کی۔
پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 153 رنز بنائے۔ شاداب خان 42، فہیم اشرف 31، عماد وسیم 19، خوشدل شاہ 16 اور شاہین شاہ آفریدی 10 رنز بناسکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے جیکب ڈفی نے 4، اسکاٹ کیوگلن نے 3 جبکہ ٹکنر اور سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہ رہا، 8 رنز پر گپٹل اور 21 رنز پر کونوے پویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں ٹم سائفرٹ اور چیپمین سمیت دیگر بلے بازوں نے ذمہ داری دکھائی اور مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔
ٹم سائفرٹ نے 57، چیپ مین نے 34 اور گلین فلپس نے 23 رنز بنائے۔ نیشم اور سینٹنر بالترتیب 15 اور 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ حارث رؤف 3 اور شاہین شاہ آفریدی 2 شکار کرسکے۔
ڈیبیو کرنے والے جیکب ڈفی 4 وکٹیں اڑانے پر میچ کے ہیرو قرار پائے۔
واضح رہے کہ کیویز کو 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے، سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو صبح 11 بجے شروع ہوگا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔