ٹیم مینجمنٹ سے ناراض محمد عامر کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ٹیم مینجمنٹ کے رویے سے ناراض پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر نے...
اپ ڈیٹ 17 دسمبر 2020 02:19pm

ٹیم مینجمنٹ کے رویے سے ناراض پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، باضابطہ اعلان آئندہ دودنوں میں کریں گے۔

نجی ٹی وی کے صحافی شعیب جٹ کے ساتھ گفتگو میں عامر نے کہا کہ مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے، ہر بات پر یہی طنز کیا جاتا ہے کہ آپ پر پاکستان نے بہت انویسٹ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ موجودہ مینجمنٹ کے انڈر کھیل سکتا ہوں، میں کرکٹ چھوڑ رہا ہوں، میں نے 2010 سے 2015 تک بہت ٹارچر برداشت کیا ہے۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ کرکٹ میں دوبارہ واپسی کا کریڈٹ میں دو بندوں (نجم سیٹھی اور شاہد آفریدی) کو دیتا ہوں، ان دو بندوں نے مشکل وقت میں میرا بہت ساتھ دیا، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

enter image description here

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ میرا ذاتی فیصلہ تھا مگر اسے اس طرح پیش کیا گیا جیسے میں ملک کیلئے کھیلنا ہی نہیں چاہتا، "ارے بھائی ملک سے کون نہیں کھیلنا چاہتا"؟ مزید کہا کہ کبھی بولنگ کوچ کہتے ہیں عامر نے ڈچ کردیا تو کبھی کہتے ہیں اس کا ورک لوڈ نہیں تھا۔

محمد عامر نے مزید کہا کہ جب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے اعلان کردہ 35 کھلاڑیوں میں میرا نام نہیں آیا تو مجھے دبے لفظوں میں کہا گیا کہ بھائی صاحب آپ ہمارے مستقبل کے پلان میں نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی پاکستان واپس پہنچا ہوں، ایک یا دو دن میں اپنی فیملی سے ملاقات کے بعد کرکٹ چھوڑنے کا حتمی اور باضابطہ اعلان کروں گا۔