ابوظہبی ٹی ٹین لیگ کے شیڈول کا اعلان، 8 ٹیمیں اِن ایکشن ہونگی
ابوظہبی: ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، جس کے مطابق لیگ 28 جنوری سے 6 فروری کے درمیان شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی ٹی ٹین لیگ آئی سی سی سے منظور شدہ اور امارات کرکٹ بورڈ سے لائسنس یافتہ دنیا کا واحد 10 اوورز انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹ ہے، اس کا چوتھا سیزن 28 جنوری سے 6 فروری 2021 کے درمیان ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
2019 کے سیزن میں شرکت کرنے والی تمام 8 ٹیموں کی واپسی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ان ٹیموں کے نام ابوظہبی، مراٹھا عریبئنز، بنگلہ ٹائیگرز، دکن گلیڈی ایٹرز، قلندرز، دہلی بلز اور ناردرن واریئرز ہیں۔ اس کے علاوہ کرناٹک ٹاسکرز کا نام بدل کر پونے ڈیولز رکھ دیا گیا ہے۔
دفاعی چیمپینز مراٹھا عریبئنز پرویز خان، راجزو ایئر اور انوراگ مہیشوری کی مشترکہ ملکیت میں رہی، جبکہ رنر اپ دکن گلیڈی ایٹرز ہندوستانی ٹائیکون گوراو گروور کی ملکیت میں ہے۔
ٹیم قلندرز کے مالک عاطف رانا، سمین رانا، سلیم رفیق احمد اور چودھری عمر حسین ہیں۔ ابوظہبی مکمل طور پر ابوظہبی کرکٹ کی ملکیت میں ہے اور ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے زیر انتظام ہے۔ بنگلہ دیشی تاجر یاسین چودھری اور سراج الدین عالم بنگلہ ٹائیگرز کے مالک ہیں۔ آر نیلش بھٹناگر دہلی بلز فرنچائز کے مالک ہیں۔
اس کے علاوہ ناردرن واریئرز کے مالک نامور تاجر شہباز الیاس ، محمد موورانی، نادر آدم علی، جنید عزیز موتی اور عثمان علی عثمان ہیں اور پونے ڈیولز کی قیادت پیراگ سنگھوی اور کرشن کمار کررہے ہیں۔
مراٹھا عریبئنز کے شریک مالک پرویز خان نے کہا کہ "ہماری ٹیم ابوظہبی ٹی 10 خطاب حاصل کرنے اور ٹورنامنٹ کو یکے بعد دیگرے جیتنے والی پہلی فریق بن کر تاریخ رقم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ہمارے پاس ایک عمدہ ٹیم ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہر کوئی ٹرافی کو دوبارہ وطن لانے کی بھرپور کوشش کرے گا"۔
ٹی 10 اسپورٹس انتظامیہ کے بانی و چیئرمین شاجی الملک نے کہا کہ "ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہماری ٹیم کے مالکان نے ابوظہبی ٹی 10 کے ایک اور سیزن میں واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ متعدد برسوں سے چلنے والا عزم ٹیم کے مالکان کے دس اوور پر مشتمل تیز رفتار والے کھیل پر ہونے والے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے"۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایس ایم میں ہماری ٹیم (جس کی سربراہی ہمارے ڈائریکٹر برائے حکمت عملی اور ترقی ہارون لورگاٹ نے کی) نے ہمارے شراکت داروں کو اکٹھا کرنے اور ایک ہم آہنگ ملکیت کے پلیٹ فارم کو یقینی بناتے ہوئے ہمیں اپنے بہترین پروگرام میں آگے بڑھنے کا ایک عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے"۔
ابوظہبی کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میٹ بوؤچر نے کہا کہ "ٹیم کے تمام ملکیت والے گروپوں کی واپسی ایک حیرت انگیز خبر ہے۔ ٹیم کے مالکان ابوظہبی ٹی 10 کی بنیاد ہیں۔ اس پروگرام کیلئے ان کی مستقل حمایت اور وابستگی ابوظہبی میں ہمارے تمام سرکاری اور نجی حصہ داروں کو ایک مضبوط سالانہ پروڈکٹ بنانے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے"۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ابوظہبی اسپورٹس کونسل اور محکمہ ثقافت و سیاحت کا شکریہ کہ انہوں نے عالمی سطح کے کرکٹ کو علاقائی مقابلوں کے کیلنڈر میں اپنے ترجیحی امر کے طور پر شامل کیا"۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔