تابعدار خان نے بہنوئی کے پلاٹ کیلئے کتنے آئی جی تبدیل کردیے، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ تابعدار خان نے بہنوئی کے پلاٹ کیلئے کتنے آئی جی تبدیل کردیے، کہتا تھا ایسا نظام لاؤں گا بڑے لوگوں کو قانون کے نیچے لاؤں گا، لیکن بٹ کڑاہی والوں کو قانون کے نیچے لے آیا ، اتنی جرات ہے پاپاجونز پیزے والے جنرل عاصم سلیم باجوہ پر مقدمہ بناؤ۔
انہوں نے مینارپاکستان میں پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہوریو! زندہ باد ، جلسے میں دور دور تک جو لوگ مجھے نظر نہیں آرہے سب کو میرا سلام، انہوں نے کہا کہ کون فرعون کے لہجے میں کہتا تھا کہ مینارپاکستان کو بھر کردکھاؤ، میں اللہ کا شکر اداکرکے کہتی ہوں، جس نے دیکھنا ہے دیکھ لو، مینارپاکستان ہی نہیں ، آس پاس کی ساری سڑکیں بھی بھر چکی ہیں۔
لاہور والو مجھے یہاں ایک بھی کرسی نظر نہیں آرہی، یہاں اتنے زیادہ لوگ ہیں کہ ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ کرسیاں کہاں چلی گئیں؟کون کہتا تھا کہ کرسیاں نہیں ملیں گی، میں کرسیوں والوں کے خلاف مقدمے کروں گا، ہمیں آپ کی کرسیوں اور اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ لاہویوں نے خوش کردیا ہے۔ لاہور بڑے بھائی کا کردار ادا کرے گا۔ لاہور میں ایک نہیں کئی جلسے ہوچکے ہیں۔
میڈیا کو فون آرہے ہیں کہ جلسے کی کوریج نہیں کرنی ، کہنا یہ جلسہ ناکام ہوگیا ہے۔ مجھے پتا ہے یہ کہاں سے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہوریوں نے عوام دشمن حکومت کو مینارپاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک دیا ہے، جعلی تبدیلی کو مینار پاکستان میں ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے، جانتے ہو ناں فرعون کے لہجے میں کون کہتا رہا کہ میں این آراو نہیں دوں گا۔ آج وہی انسان دھول چاٹ کر نوازشریف اور پی ڈی ایم سے این آراو مانگ رہا ہے، لاہوربتاؤ رعمران خان کو این آراو دوگے؟ بندہ تابعدار پر اتنا چیخو، بندہ تابعدار کا نام عمران خان ہے،یہ بھی بتاؤ وہ کس کی تابعداری کررہا ہے، نوازشریف عوام کی روٹی چوری کرنے والے، ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے والے کو این آراو نہیں دے گا، پاکستان کی ترقی چھیننے والوں کو این آراو نہیں دے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ میں سب سے درخواست کی تھی کہ سب ماسک پہن کر آئیں، میں ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتی ہوں جلسوں میں آئیں لیکن ماسک پہن کرآئیں، ہمیں عوام کی صحت عزیز ہے۔ایک بات سمجھنے ضروری ہے کہ کوویڈ 19سے زیادہ خطرناک مہلک مرض کا نام کووڈ18تابعداد خان عمران خان ہے۔مجھے ابھی نوازشریف کا پیغام آیا ہے کہ میرے لاہور کا نام عزت سے لو، لاہوری نہیں کہنا زندہ دلان لاہور کہنا ہے۔ جب سے جعلی عمران خان کی حکومت آئی پاکستان میں چینی ، آٹا، گندم، گیس بجلی ، ادویات قرنطینہ کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تابعدار خان کو کسی نے کہا کہ دھاندلی کا شور مچاؤ،پھر کرپشن کرپشن کا راگ لگایا، جسٹس کھوسہ نے کہا مجھے درخواست دو، تمہاری مدد کرتا ہوں، فکس میچ کے ذریعے تم نواز شریف کو اقامہ پر باہر نکلوایا۔مریم نواز نے جلسے میں ایک ویڈیو بھی دکھائی، اس کو پتا تھا نوازشریف رہا تو مجھے حکومت نہیں ملے گی، لیکن ان کے سلیکٹرز نہیں جانتے تھے کہ یہ اتنا نالائق اور اتنا نااہل نکلے گا۔ آج اس کی نالائقی اور نااہلی کا جواب سلیکٹرز کو دینا پڑرہا ہے، لوگ کہتے ہیں یہ سوغات کہاں سے ڈھونڈ کر لائے ہو؟
انہوں نے عمران خان کے مینارپاکستان پر کھڑے ہوکر جو وعدے کیے اور نعرے لگائے ان کی ویڈیوز دکھاتے ہوئے کہا کہ کہتا تھا ہسپتال بناؤں گا لیکن ، کے پی ہسپتال میں آکسیجن سلنڈر نہ ہونے سے 6لوگ مر گئے۔ادویات کی قیمتوں میں600فیصدا ضافہ ہوگیا ہے۔ بیمار ہونا بھی اب آسان کام نہیں۔کہتا تھا قرضے نہیں لوں گا، لیکن تابعدار نے قرضوں کے نئے ریکارڈ بنائے اور پاکستان آئی ایم ایف کو گروی رکھ دیا ہے۔ کرپشن کرپشن کا رونا سن سن کر کان پک گئے، کہتا تھا ایسا نظام لاؤں گا بڑے لوگوں کو قانون کے نیچے لاؤں گا، بٹ کڑاہی والوں کو قانون کے نیچے لے آئے ، پاپاجونز پیزے کا نام سنا، اتنی جرات ہے جنرل عاصم سلیم باجوہ پر مقدمہ بناؤ۔
کرپشن کی داستانیں دنیا سن رہی ہے۔پشاور میٹروچلتی کم جلتی زیادہ ہے،بلین ٹری سونامی پر سپریم کورٹ نے کہا کہ کیا وہ سارے درخت بنی گالہ میں لگا دیے؟ آٹا، چینی ، ایل این جی ، مہنگی بجلی گیس اسکینڈل کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ انشاء اللہ ایک دن آئے گا عوام تم سے ایک ایک پائی کا حساب لے گی۔پولیس کو غیرسیاسی کرنے والے نے اپنے بہنوئی کے پلاٹ کی خاطر کتنے آئی جی اور پولیس والے بدل دیے۔
مریم نواز نے کہ کہ کہتا ہے پارلیمنٹ میں پی ڈی ایم کے ساتھ ڈائیلاگ کروں گا، کون سی پارلیمنٹ ؟ وہ پارلیمنٹ جس کو ایک ریٹائرڈ کرنل چلا رہا ہے؟ پورا اسلام آباد جانتا ہے اس ریٹائرڈ کرنل کا نام کیا ہے۔ جب نوازشریف کی باتوں کا جواب نہیں ہوتا تو کہتا نوازشریف غدار ہے، نوازشریف مودی کا یار، انڈیا کا ایجنٹ ہے، لاہور والومجھے بتاؤ نوازشریف کا ایک مطالبہ بھی آئین سے متصادم ہے؟ نوازشریف ادراروں کو سیاست سے دور رہنے کا مشورہ دے کرغداری کررہا ہے؟ کیا آزاد عدلیہ آزاد میڈیا کا مطالبہ غیرآئینی ہے؟ کیا مشرف کیخلاف آرٹیکل 6کا مقدمہ بنانا غیرآئینی ہے؟ آرٹی ایس کو الیکشن کے روز بٹھانا نوازشریف کیاتھا، بیرونی فنڈنگ نوازشریف کو ہوئی تھی؟ ہم ظلم کو سہہ رہے ہیں اللہ کا عذاب ظالم پر آتا ہے۔ اس عوام کی بدعائیں اور ظلم تمہیں لے بیٹھے گا۔ لاہور نے فیصلہ دے دیا تابعدار خان تم کو جانا ہوگا، تم نے معصوم قوم کو دھوکا دیا ہے، تم نے پاکستان کے عوام سے جھوٹ بولا ہے۔













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔