پی ڈی ایم آج مینار پاکستان پر سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ آج لاہور کے مینار پاکستان گراونڈ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ جلسہ گاہ میں پنڈال سج چکا ہے، کرسیاں لگ چکی ہیں۔ لاہور میں سیاسی پارہ عروج پر پہنچ چکا ہے، ن لیگ کی میزبانی میں میدان سجے گا۔
ایاز صادق کی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم قیادت کو ظہرانہ دیا جائےگا جس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو اور مریم نواز سمیت دیگر رہنما شرکت کریں گے۔
جلسے کے حوالے سے حتمی مشاورت بھی ہوگی جس کے بعد تمام قائدین ایک کارواں کی صورت میں مینار پاکستان جلسہ گاہ پہنچیں گے۔
سیکیورٹی خدشات کی فکر ہے نہ کورونا کا ڈر، اپوزیشن ہر صورت جلسے پر بضد ہے۔
پی ڈی ایم کارکنان نے رکاوٹیں اکھاڑ کر تالے توڑ کر جلسہ گاہ پرقبضہ جمالیا ہے، مریم نواز بھی انتظامات کا جائزہ لینے ہہنچیں۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صبح پاکستان کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا، جسے ناممکن کہا جا رہا تھا وہ ممکن ہوگیا ہے، عوام نے حکومت کا ہر ہتھکنڈا ناکام بنادیا، ہم ملک سے نالائق حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں، اب قوم مینار پاکستان کے نیچے از سر نو عزم کا اظہار کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پورے ملک سے قافلے روانہ ہیں، جب جلسہ شروع ہوگا تو پنجاب امڈ چکا ہوگا، ہمارے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے گلبرگ لاہور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوری میں لانگ مارچ شروع ہوگا تو وزیراعظم بھاگ جائے گا۔ پیپلزپارٹی کے جیالے جانتے ہیں جب لانگ مارچ ہوتا ہے تو کیسے ہوتا ہے۔ آپ کی جدوجہد سے سلیکٹڈ کو بھگائیں گے۔ عوام فیصلہ کریں گے کہ حکمران کون ہوگا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے قوانین کی خلاف ورزی پر اپوزیشن کو مقدمات کی وارننگ بھی جاری کردی، مگر ن لیگ کو کوئی ڈر نہیں۔













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔