کوئلے سے مزید توانائی پیدا نہیں کریں گے: وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کوئلے سے...
شائع 13 دسمبر 2020 08:32am

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کوئلے سے مزید توانائی پیدا نہیں کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان موسمیاتی تبدیلیوں پر پیرس معاہدے کی پانچویں سالگرہ پر بین الاقوامی ورچوئل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئلے سے مزید توانائی پیدا نہیں کریں گے، کوئلے سے چلنے والے پلانٹ کی جگہ ہائیڈرو پاور پلانٹ لگائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا پاکستان نے 2030 تک مجموعی توانائی کے 60 فیصد کو کلین انرجی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، پاکستان کا ماحولیاتی آلودگی میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، جب کہ بدقسمتی سے پاکستان ماحولیاتی آلودگی سے دنیا میں پانچواں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

ان کا کہنا تھا پاکستان کلین انرجی کی جانب گامزن ہے، 2030 تک 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کرے گا۔

وزیر اعظم نے کہا ہم نیشنل پارک کی تعداد 30 سے بڑھا کر 45 کر رہے ہیں، اگلے 3 سال میں 10 ارب پودے بھی لگائیں گے۔