شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے کراچی انتظامیہ کا اہم فیصلہ

کراچی: شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے کراچی انتظامیہ کا اقدام، کثیر...
شائع 11 دسمبر 2020 05:15pm

کراچی: شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے کراچی انتظامیہ کا اقدام، کثیر المنزلہ عمارتوں کو رنگ و روغن کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی نے احکامات جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی انتظامیہ نے شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے کثیر المنزلہ عمارتوں کو رنگ و روغن کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے احکامات جاری کئے ہیں کہ تمام ڈپٹی کمشنرز و ضلعی ایڈمنسٹریٹرز فیصلے پر عملدرآمد کرائیں۔

کراچی انتظامیہ کے حکم کے مطابق اہم شاہراہوں پر قائم نمایاں عمارتوں کے مالکان اور مکین عمارتوں کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش کے پابند ہونگے۔ کثیر المنزلہ عمارتوں اور بنگلوں کے مکین اپنی بالکونیوں میں گلدستے رکھیں گے۔

افتخار شالوانی کا کہنا ہے کہ دیکھ بھال نہ ہونے اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے عمارتیں بدنما ہورہی ہیں، اہم شاہراہوں پر قائم عمارتوں کی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہے۔

کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ ٹیرس اور بالکونیوں کو ہرا بھرا رکھیں اور دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔ رنگ و روغن کرنے سے عمارتوں کی بدنمائی دور ہوگی اور شہر کو خوبصورت بنانے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔