بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نامہ جاری
اسلام آباد:سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے )نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو کورونا کے حوالے سے3کیٹگری میں تقسیم کیا گیا ہے، کیٹگری اے کے ممالک کی تعداد 22 سے بڑھا کر 24کر دی گئی اور جاپان ، فن لینڈ ملاوی اور نیمبیا کو اے کیٹگری سے نکال دیا گیا ۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق کیٹگری اے میں ناروے ،جنوبی سوڈان، ٹوگو، یوراگوئے،زیمبیا ،آسٹریلیا ،چین،مالدیپ،نیوزی لینڈ،نایئجیریا، ساؤتھ کوریااور سعودی عرب شامل ہیں ۔
اس کے علاوہ سنیگال،سری لنکا،ویتنام اورکیوبا بھی کیٹگری اے میں شامل ہیں، کیٹگری اے والے ممالک کے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹگری بی والے مسافروں کیلئے کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے،بی کیٹگری کے حامل مسافروں کو سفر سے قبل 96 گھنٹے کے اندر کورونا ٹیسٹ کروانا لازم ہوگا،اسی طرح کیٹگری سی والے مسافروں کو ملکی ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قراردیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ،نئی ایس او پیز پر عمل تمام بین الاقوامی ایئر لائنز، چارٹرڈ طیاروں اور دیگر فضائی کمپنیوں پر لازم قراردیئے گئے ہیں، بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو ہیلتھ ڈکلیریشن فارم پر کرنا لازمی ہوگا۔ سی اے اے کی جانب سے جاری نئی ایڈوائزری16 دسمبر سے 31 دسمبر 2020 تک نافذ العمل رہے گی۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔