مکی آرتھر نے سرفراز احمد کو سب سے بہترین کپتان قرار دے دیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو سب سے بہترین کپتان قرار دے دیا۔
ایک انٹرویو میں مکی آرتھر نے کہا کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی، 11 ٹی ٹوئنٹی سیریز مسلسل جیتنے کا ریکارڈ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سرفراز میں ایک چیز ایسی دیکھی جو مائیکل کلارک، گریم اسمتھ اور مصباح الحق کے ساتھ کام کرتے ہوئے بھی نہیں دیکھی۔
مکی نے کہا کہ سرفراز میدان میں ہر کھلاڑی پر بلند آواز میں بول رہے ہوتے تھے لیکن جب ڈریسنگ روم میں آتے تو ہر ایک سے گھل مل جاتے تھے اور سب کھلاڑیوں کے ساتھ بھائیوں جیسا برتاؤ رکھتے تھے۔
سابق ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ ڈریسنگ روم میں سرفراز اپنے اخلاق کے باعث کھلاڑیوں کے مقبول ترین کپتان تھے۔
آرتھر نے کہا کہ میں نے دنیا کے بڑے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا لیکن یہ چیز کسی میں نہیں دیکھی، یہی وجہ ہے کہ سرفراز احمد کی یہ خوبی اُنہیں دوسرے کپتانوں پر ممتاز بناتی ہے۔
سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے 13 ٹیسٹ کھیلے جن میں سے 8 میں شکست اور 4 میں فتح نصیب ہوئی۔ ایک روزہ کرکٹ میں سرفراز کا ریکارڈ بہتر رہا، 50 میچز میں سے 28 میچز میں جیت پاکستان کا مقدر بنی۔ اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی میں سرفراز کی قیادت کا ریکارڈ شاندار رہا۔ قومی ٹیم نے ان کی قیادت میں 37 میں سے 29 میچز جیتے۔
واضح رہے کہ مکی آرتھر نے 2016 سے 2019 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض سرانجام دیئے۔ ان ہی کے دور میں پاکستان ٹیم نے چیمپیئز ٹرافی 2017 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔