پی ڈی ایم جلسے میں سہولت، ڈی جے بٹ زیر حراست

تحریک انصاف کے جلسوں سے شہرت پانے والے نجی ساونڈ کمپنی کے مالک ...
شائع 09 دسمبر 2020 08:08pm

تحریک انصاف کے جلسوں سے شہرت پانے والے نجی ساونڈ کمپنی کے مالک ڈی جے بٹ کو لاہور پولیس نے پی ڈی ایم جلسے کو سروس مہیا کرنے سے پہلے ہی دھر لیا۔

مقدمے میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعہ بھی شامل کردی۔ عظمی بخاری کہتی ہیں اب وزیراعظم کا مقابلہ ٹینٹ اور ساونڈ سروس سے ہے۔

پی ٹی آئی جلسوں اور دھرنے سے شہرت پانے والے ڈی جے بٹ کو پی ٹی آئی حکومت نے گرفتار کرلیا۔

تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کے لئے ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے والے ڈی جے بٹ کو ناجائزاسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے، مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس سے ہاتھا پائی کی دفعات بھی شامل ہیں۔

مسلم لیگ نون کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا مقابلہ صرف ٹینٹ اور ساونڈ سروس والوں سے ہے۔

پی ڈی ایم جلسے سے پہلے لاہور پولیس نے کارکنوں اور منتظمیں کے خلاف اب تک مختلف تھانوں میں پچیس مقدمات درج کر لئے ہیں۔