آڈیٹرجنرل رپورٹ: بی آرٹی منصوبے میں بے قاعدگیوں کا انکشاف

خیبرپختونخوا حکومت کے فلیگ شپ منصوبے بی آر ٹی میں دو ارب روپے کی...
شائع 05 دسمبر 2020 06:29pm

خیبرپختونخوا حکومت کے فلیگ شپ منصوبے بی آر ٹی میں دو ارب روپے کی بے قاعدگی سامنے آگئی۔آڈیٹر جنرل رپورٹ کے مطابق افسران کو 29کروڑ روپے سے زائد کی بلاوجہ یا غیرمجاز ادائیگیاں کی گئیں۔منصوبے کی ڈیزائن کی تبدیلی کے باعث لاگت میں 17ارب روپے کا بھی اضافہ ہوا۔

پشاور بی آر ٹی منصوبے سے متعلق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کی مطابق بی آر ٹی میں 2 ارب روپے کی بے قاعدگیاں کی گئی۔رپورٹ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش کردی گئی۔

رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ اعلیٰ افسران کو 29 کروڑ روپے سے زائد کی غیرمجاز ادائیگی کی گئی جبکہ ٹھیکے داروں سے 5 کروڑ روپے کی وصولی نہیں ہوئی۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ زائد پلرز کی تعمیر پر بھی 20 کروڑ روپے لگے جبکہ ڈیزائن کی تبدیلی کےباعث لاگت میں17ارب روپے کا اضافہ ہوا جس کے باعث منصوبے کی لاگت 49 سے 66 ارب روپے تک بڑھی۔

رپورٹ سے متعلق صوبائی حکومت کا موقف ہے کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ فی الحال مکمل نہیں،رپورٹ مکمل ہونے کے بعد اس پر بات کی جاسکتی ہے۔