حکومت جانے والی نہیں، مدت پوری کریں گے، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت جانے والی...
شائع 05 دسمبر 2020 12:37pm

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت جانے والی نہیں، مدت پوری کریں گے۔

عثمان بزدار کہتے ہیں کہ حکومت عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، مگربدقسمتی سے پی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے کورونا پھیلارہی ہے۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار نے ملاقات کی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مسترد شدہ عناصر کا ٹولہ صرف اپنی کرپشن بچانے کیلئے اکٹھا ہوا ہے۔ عام آدمی کے مسائل سے ان لوگوں کا کوئی واسطہ نہیں۔ ان عناصرکی قسمت میں صرف رونا ہی لکھا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو لوٹنے والوں کو کبھی این آر او نہیں دیں گے۔ یہ لوگ 13دسمبر کے بعد بھی روتے رہیں گے۔

اس موقع پر معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کامیاب نوجوان تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ نوجوانوں کو اس پروگرام کے ذریعے با اختیار بنایا جارہا ہے۔