1971 کی جنگ میں شہادت پانے والے میجر محمد اکرم کا 49 واں یوم شہادت

1971 کی پاک بھارت جنگ میں جرات اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے...
شائع 05 دسمبر 2020 09:31am

1971 کی پاک بھارت جنگ میں جرات اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والے میجر محمد اکرم کا 49 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔

نشان حیدر پانے والے میجراکرم شہید کے یوم شہادت پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے پیغام جاری کیا۔ اپنے ٹویٹ کے ذریعے ڈی جی آئی ایس پی آر نے میجراکرم شہید کو وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ میجر اکرم نے دلیری کے ساتھ ہلی کی جنگ میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ میجر اکرم نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے بہادری کی نئی داستان رقم کی۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ ہمارے شہدا ہمارے ہیروز ہیں۔

میجر محمد اکرم 4 اپریل 1938 کو ضلع گجرات میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1963 میں پاک آرمی میں کمیشن حاصل کیا، 1971 کی جنگ میں مشرقی پاکستان کےعلاقے ہلی کے محاذ پر دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے 5 دسمبر کو جام شہادت نوش کیا۔

میجرمحمد اکرم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جہلم میں یادگار اور لائبریری بنائی گئی جہاں ان کے یوم شہادت پر خاندان کے لوگ اکٹھے ہوتے ہیں اور میجرمحمد اکرم شہید کو لازوال قربانی پرنشان حیدر سے بھی نوازا گیا، انہیں ’’ہیرو آف ہلی‘‘ کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔