Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری، یاسمین راشد، عامر ڈوگر اور مبین خلجی بھی گرفتار

شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور اسد عمر کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سینئر نائب صدر شیریں مزاری اور ملک عامر ڈوگر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، اور شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور اسد عمر سمیت اب تک متعدد رہنماؤں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

ملک عامر ڈوگر

ملتان پولیس نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما ملک عامر ڈوگر کو گرفتار کرلیا ہے، ملک عامر ڈوگر عدالت عالیہ میں 16 ایم پی او نظر بندی کے خلاف ضمانت کے لیے آئے تھے، تاہم عدالتی وقت ختم ہونے پر حفاظتی ضمانت نہیں لی گئی۔

پولیس نے ہائی کورٹ کے اندر جاکر ملک عامر ڈوگر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم بارعہدیداران نے پولیس کو بار کے اندر داخل ہونے سے روک دیا تھا، اور پولیس ہائیکورٹ کے باہر 6 گھنٹے تک ملک عامر کا انتظار کرتی رہی، اور 6 گھنٹے کے بعد پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے کو گرفتار کرلیا۔

پولیس تھانہ کینٹ عامر ڈوگر کو گرفتار کر کے روانہ ہوگئی۔

نوابزادہ حسام

پی ٹی آئی کے تحصیل چیئرمین اوگی نوابزادہ حسام کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اور پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نوابزادہ حسام کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، انہیں ان کی رہائشگاہ سے حراست میں لیا گیاہے۔

شیریں مزاری

اس قبل ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات گئے وفاقی پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کے گھر پر چھاپا مار کر انہیں حراست میں لے لیا اور متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا۔

پولیس اس وقت تک ڈاکٹر شیریں مزاری کی رہائش گاہ پر موجود رہی جب تک وہ گرفتار نہ ہو سکی، وہ پولیس کے چھاپے کے دوران گھر میں موجود تھیں۔

پولیس چھاپے کے دوران خواتین اہلکار بھی موجود تھیں، کارروائی میں 20 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا اور شیریں مزاری کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا۔

یاسمین راشد

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یاسمین راشد کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کی رہائی کی درخواست

رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد کی رہائی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جسے آج سماعت کے لئے مقرر کیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یاسمین راشد کو 3 ایم پی او کے تحت جیل بھجوایا گیا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل نے کہا کہ درخواستگزار کی عمر 70 سال ہے اور وہ کینسر کی مریضہ ہیں، وہ بغیر دوائی سو نہیں سکتیں۔

یاسمین راشد کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست کو پٹیشن میں تبدیل کر کے سنا جائے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ ایسی کوئی ایمرجنسی نہیں کہ درخواست کو پٹیشن کی صورت میں سنا جائے، یہ میڈیکل بنیاد پر درخواست دائر کریں۔

ڈاکٹر یاسمین کے وکیل نے کہا کہ یہ خاتون کی موت اور زندگی کا معاملہ ہے آپ کہہ رہے ہیں کہ ایمرجنسی نہیں۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت ہفتے کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دی۔

مبین خلجی

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر مبین خلجی کو کوئٹہ میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

جمعرات کی شب کی مبین خلجی کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر نے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مبین خلجی کی گرفتار 3ایم پی او کے تحت عمل میں لائی گئی ہے جبکہ ان کے خلاف کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانہ میں گزشتہ روز احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ،قتل،اقدام قتل سمیت 18دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے جس میں انہوں نے سیشن کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی تھی۔

صوابی میں سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران شہرام ترکئی گھر میں موجود نہیں تھے۔

پولیس چھاپے کے بعد پی ٹی آئی رہنما شہرام ترکئی نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس نے میرے گھر میری غیر موجودگی میں ریڈ کی ہے، پورے گھر کی تلاشی لی گئی یہ ہمارے صوبے کی روایات نہیں تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ سرکار نہ اس نظریے کو ہرا سکتی ہے اور نہ اس نظریے کے پیروکاروں کو جھکا سکتی ہے۔

سیالکوٹ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عثمان ڈار کے بھائی عامر ڈار کو گرفتار کرلیا۔

اس سے قبل سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ ، فواد چوہدری کو سپریم کورٹ کے احاطے سے جبکہ شاہ محمود قریشی کو جی بی ہاؤس سے گرفتار کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان اور سینیٹر اعجاز چوہدری کو بھی گرفتار کیا گیا۔

حکام کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کو نقص امن کے خطرات کی وجہ سے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دے کر انہیں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین کو پولیس لائنز کے گیسٹ ہاؤس میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔

pti

بلوچستان

اسلام آباد

shireen mazari

imran khan arrested

PTI Leaders arrested

mubeen khilji

politics may 12 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div