Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

آرمی چیف کا پشاور کور، ضلع خیبر اور وادی تیراہ کا دورہ، جوانوں سے ملاقات

سازشی عناصر کو کوئی جگہ نہیں دیں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر
شائع 06 دسمبر 2022 07:32pm
فوٹو — اسکرین گریب/ سوشل میڈیا
فوٹو — اسکرین گریب/ سوشل میڈیا

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور، ضلع خیبر اور وادی تیراہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فوج کے جوانوں سے ملاقاتیں کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے ضلع خیبرمیں وادی تیراہ کا دورہ کرکے پاک افغان بارڈر پر اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ دن گزارا، فیلڈ کمانڈر نے جنرل عاصم کو مغربی بارڈرز مینجمنٹ اور آپریشنل تیاریوں سمیت بارڈر کنٹرول اقدامات بارے میں بریفنگ دی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے فرض کی ادائیگی کے لئے جوانوں کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام اور سکیورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور پائیدار امن اور استحکام یقینی بنایا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور بے شمار قربانیوں سے حاصل امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

آرمی چیف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل کردہ کامیابیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنرل عاصم منیر نے بعد ازاں کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا بھی دورہ کیا اور یادگار شہداء پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی، آرمی چیف کو آپریشنل، تربیتی اور فارمیشن کے دیگر امورکے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے استقبال کیا۔

ISPR

COAS

Pakistan Afghanistan Border

Army Chief General Asim Munir

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div