Aaj TV News

BR100 4,519 Increased By ▲ 22 (0.49%)
BR30 18,277 Decreased By ▼ -62 (-0.34%)
KSE100 44,114 Increased By ▲ 178 (0.41%)
KSE30 17,034 Increased By ▲ 95 (0.56%)
COVID-19 TOTAL DAILY
CASES 1,284,189 303
DEATHS 28,709 5
Sindh 475,248 Cases
Punjab 442,950 Cases
Balochistan 33,479 Cases
Islamabad 107,626 Cases
KP 179,928 Cases

جرمن صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے ایک ہوٹل میں چوری کا ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا۔ گزشتہ ماہ اس ہوٹل میں واردات کے دوران چوروں سے ایک تجوری کھلی نہیں تھی۔ اس مرتبہ بظاہر وہی نامعلوم چور کئی من وزنی تجوری اٹھا کر لے گئے۔

پولیس نے بدھ سترہ مارچ کے روز بتایا کہ صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں اس جرم کا ارتکاب ترائس کارڈن نامی ایک چھوٹے سے سیاحتی قصبے کے ایک ہوٹل میں کیا گیا۔ اس واردات کے دوران چوری تقریباً 200 کلو گرام (پانچ من سے زیادہ) وزنی ایک تجوری چرا کر لے گئے۔

پولیس کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات چند نامعلوم چوروں نے اس ہوٹل کے مرکزی دفتر میں گھس کر وہاں سے ایک بہت بھاری فولادی تجوری اٹھائی اور اسے لے کر ہوٹل کے استقبالیہ سمیت پوری عمارت سے ہوتے ہوئے دروازے تک لائے اور پھر شاید اسے ایک بڑی ٹرانسپورٹ گاڑی میں لاد کر چلتے بنے۔

پولیس کے تفتیشی ماہرین کے مطابق ملزمان کی تعداد کم از کم بھی تین سے چار تک رہی ہو گی، کیونکہ اتنی بھاری تجوری کو اس کی جگہ سے اٹھا کر دروازے تک لانا ایک دو انسانوں کے بس کی بات تو نہیں تھی۔

مقامی پولیس نے ہوٹل کی انتظامیہ کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس تجوری میں نقدی کی صورت میں بہت بڑی رقم موجود تھی۔ اس رقم کی مالیت البتہ نہیں بتائی گئی۔

ہوٹل کی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ ماہ فروری میں بھی نامعلوم چوروں نے اسی ہوٹل میں چوری کی کوشش کی تھی، لیکن وہ بظاہر اس تجوری کو کھولنے میں ناکام رہے تھے۔ تب اس جرم کی بھی پولیس کو اطلاع کر دی گئی تھی۔

چند ہفتے قبل پیش آنے والے اس واقعے کے فوری بعد پولیس نے موقع واردات سے جو شواہد جمع کیے تھے، ان کے مطابق چوروں نے تب اس بھاری بھرکم تجوری کو ساتھ لے جانے کی کوشش بھی کی تھی، مگر کامیاب نا ہو سکے تھے۔

پولیس نے چوری کی اس دوسری اور پہلی کامیاب واردات کے بعد بتایا کہ بظاہر اس کارروائی کے مجرم بھی وہی ہیں جو پہلے تھے۔

اس مرتبہ مگر وہ تعداد میں پہلے سے زیادہ تھے اور اس واردات کے لیے پوری تیاری کے ساتھ ہوٹل میں داخل ہوئے تھے۔ پولیس کی نامعلوم ملزمان کے خلاف تفتیش جاری ہے۔

ترائس کارڈن جرمن شہر کوبلینز کے نواح میں دریائے موزل کی وادی میں ایک چھوٹا سا مگر ہزار سال سے بھی زیادہ پرانا ایک تاریخی قصبہ ہے، جس کی آبادی صرف ڈھائی ہزار کے قریب ہے۔