Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

ڈومیسٹک سیزن: پی سی بی نے کوویڈ 19 پروٹوکولز جاری کردیئے

لاہور: پاکستان کرکٹ کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے باعث موجودہ...
اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2020 07:42pm

لاہور: پاکستان کرکٹ کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے باعث موجودہ صورتحال میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو محفوظ انداز میں شروع کرنے کی غرض سے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کیلئے کوویڈ 19 پروٹوکولز کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق ان پروٹوکولز کے اعلان کا مقصد سیزن کے دوران اپنے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

کھلاڑی، اسپورٹ اسٹاف، میچ آفیشلز اور ڈیوٹی ڈاکٹرز سیزن کے آغاز سے ہی بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے۔ اس دوران انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہوگی تاہم ببل میں داخلے کیلئے ان تمام کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، میچ آفیشلز اور ڈیوٹی ڈاکٹرز کے مسلسل 2 مرتبہ کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آنا لازمی ہوں گے، یہ فیصلہ ببل کو وائرس فری رکھنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

فرسٹ اور سیکنڈ الیون میں شامل تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو پیر کو کروائے گئے اپنے پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹس بالترتیب 16 اور 18 ستمبرکو جمع کرانی ہیں۔ پی سی بی ان تمام افراد کو اس ٹیسٹ کے واجبات بعد میں ادا کردے گا۔

اسکواڈ میں شامل جن کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئے گی انہیں پی سی بی کے قائم کردہ سنٹرل اسٹیشن بلایا جائے گا۔ جہاں ان کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ پی سی بی میڈیکل ٹیم کی زیرنگرانی ہوگی۔ فرسٹ الیون کے اسکواڈز کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 18 ستمبر جبکہ سکینڈ الیون کی 21 ستمبر کو ہوگی۔

کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو سنٹرل اسٹیشنز پہنچنے کیلئے ہوائی سفر کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جہاں انہیں داخلے سے قبل ان کے سامان کے ہمراہ ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔ اس دوران ہر فرد کو علیحدہ علیحدہ کمروں میں رہائش دی جائے گی۔

اگر کسی شخص کا دوسرا ٹیسٹ مثبت آجاتا ہے تو اسے 5 روز کیلئے آئسولیٹ کردیا جائے گا، اس دوران اس کے مزید 2 ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔ اگر یہ ٹیسٹ بھی مثبت آجائیں تو اس شخص کو 14 روز تک سیلف آئسولیشن میں بھجوادیا جائے۔ جس کے بعد اس فرد کو مسلسل 2 ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں بائیو سیکیور زون میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

دورہ انگلینڈ سے واپس آنے والے کرکٹرز کو 25 ستمبر تک اپنی ٹیموں کو جوائن کرنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔ دس ہفتوں پر مشتمل انگلینڈ کے طویل دورے کے بعد ان کھلاڑیوں کو اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اسی طرح ان ایونٹس کیلئے مقررہ میچ آفیشلز کو اپنی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے نتائج 24 ستمبر تک جمع کرانے ہوں گے جبکہ ان کے دوسرے ٹیسٹ 27 ستمبر کو پی سی بی کے سنٹرل اسٹیشنز میں ہوں گے۔

نوجوان کھلاڑیوں کی سہولت اور آسانی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے انڈر 19 کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی مکمل ذمہ داری خود اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ تمام ایسوسی ایشنز کی انڈر 19 ٹیموں کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا آغاز یکم اکتوبر سے ہوگا۔

بائیو سیکیور زون:

ہوٹل کے کمرے، کھانے کی جگہ، انڈور گیمز روم، کھیلنے کی جگہ، ڈریسنگ رومز، میچ آفیشلز کے کمرے، ٹیموں کی بسیں اور گاڑیاں بائیو سیکیور زون میں شامل ہوں گی، جسے متواتر ڈس انفیکٹ کیا جاتا رہے گا۔ پرٹوکولز کے مطابق بائیو سیکیور زون کی پہلی تہہ میں موجود افراد کی تفریحی کی غرض سے ہر ٹیم کیلئے ایک الگ کمرہ مختص ہوگا، جس میں وائی فائی سروس، ٹی وی اور کیرم بورڈ کی سہولت موجود ہوگی۔

ڈومیسٹک سیزن کے دوران کوویڈ 19 کے ان پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ذمہ داری امپلیمنٹیشن ٹیم کی ہوگی، جس کی سربراہی کوویڈ 19 میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ریاض کے سپرد کی گئی ہے۔ اس ٹیم کے دیگر اراکین میں ٹیم منیجرز سمیت فزیوتھراپسٹ، لائزن آفیسرز اور ڈیوٹی ڈاکٹرز شامل ہوں گے۔

بائیو سیکیور زون کی پہلی تہہ میں موجود افراد کو ضرورت پڑنے پر دوسری تہہ میں جانے کیلئے اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنے کے علاوہ دوسری تہہ کے افراد سے 10 سے 15 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہوگا۔ بائیو سیکیور زون کی دوسری تہہ میں گراؤنڈ اسٹاف، وینیو منیجرز، اسکوررز اور دیگر منتظمین رہیں گے۔

دونوں تہوں میں رہنے والے افراد آپس میں رابطے کیلئے موبائل فون کا استعمال کریں گے۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم کے باہر بیٹھنے کی ترغیب دی جائے گی۔

اس دوران دوپہر کے کھانے یا چائے کے وفقے کے دوران سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔

بائیو سیکیور ببل توڑنے والے شخص کو 5 روز (کوویڈ 19 کے 2 منفی ٹیسٹ آنے) تک سیلف آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div