Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
18 Ramadan 1445  

کراچی: جوہر چورنگی پر انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

پیپلز پارٹی نے اب تک میئر کیلئے حتمی امیدوار کا فیصلہ نہیں کیا، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ
اپ ڈیٹ 22 مئ 2023 07:25pm
فوٹو ــ ٹوئٹر / مرتضیٰ وہاب
فوٹو ــ ٹوئٹر / مرتضیٰ وہاب

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے گلستان جوہر میں جوہر چورنگی پر بننے والے انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کے دوران ناصر شاہ کے ہمراہ مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، وزیر اعلیٰ کے کوآرڈینٹر شہزاد میمن بھی موجود تھے۔

جوہر چورنگی پر انڈر پاس کی تعمیر کا کام شروع ہونے سے چند ہفتے پہلے پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے فلائی اوور کا افتتاح بھی کیا گیا تھا۔

انڈر پاس ایک کلومیٹر طویل ہے۔ جوہر چورنگی پر انڈر پاس اور فلائی اوور کی کل لاگت 2 ارب روپے ہے۔ انڈر پاس قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور عوام کو بہتر سفری سہولت میسر آئیں گی۔

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات کے ساتھ سیاسی گفتگو بھی کی۔

انھوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر پیپلز پارٹی نے کبھی حملے کا نہیں کہا ، ہماری لیڈر شپ نے کبھی جناح ہاؤس کور کمانڈر کو جلانے کا نہیں کہا، یہ لوگ جیل بھرو تحریک کا کہتے تھے اور خود ضمانتیں کرواتے ہیں۔ پارٹی کی لیڈر شپ روپوش ہے اور کارکنان گرفتار ہورہے ہیں۔

ناصر شاہ نے مزید کہا کہ عمران خان آج بھی اپنی اور اپنی فیملی کی بات کرتے ہیں جبکہ آج مریکا سے مدد مانگ رہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین جھوٹ بہت اچھا بولتے ہیں۔

پیپلز پارٹی نے میئر کا حتمی فیصلہ نہیں کیا

میئرکراچی کے حوالے سے ہونے والے رابطوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے رابطہ ہوا ہے بات چیت بھی ہوئی ہے لیکن پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم محترم ہیں ان سے کئی بار بات ہوئی جس جماعت کی نشستیں زیادہ ہوں گی میئر اسی کا ہوگا۔الیکشن کے بعد جب پیپلز پارٹی کی سیٹیں زیادہ ہوگئیں تو حافظ نعیم کو پتہ نہیں کیا ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی سے ہوگا، پیپلز پارٹی کے تمام کارکنان میئر کے لئے اہل ہیں۔ مرتضیٰ وہاب کو آج لوگ یاد کرتے ہیں پیپلز پارٹی نے ابھی میئر کے لیے حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

ناصر شاہ نے بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری سے متعلق کہا کہ کوئی بھی گرفتار ہوگا تو ہم اسکا ووٹ بھی ڈلوائیں گے اور حلف بھی دلوائیں گے۔ پی ٹی آئی سے اگر کوئی لاتعلقی کا اظہار کرتا ہے تو الزام ہم پر نہ لگایا جائے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div