Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کل ہوگا

کراچی: بلدیاتی الیکشن کیلئے پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار، کوئیک رسپانس فورس میں 476 اہلکار شامل ہونگے
اپ ڈیٹ 06 مئ 2023 05:48pm
تصویر: اے ایف پی/فائل
تصویر: اے ایف پی/فائل

کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے، شہر قائد میں الیکشن کے لئے پولیس نے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا۔

کراچی سمیت سندھ کے چوبیس اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات اتوار کو ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق مختلف کیٹگریز کی 63 نشستوں پر 434 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 90 ہزار 295 ہے۔

ضمنی الیکشن میں پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے کراچی ڈویژن کی یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 11 جبکہ جنرل کونسلرز کی 15 نشستوں پر زور کا جوڑ پڑے گا۔ جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور ٹی ایل پی سمیت آزاد امیدواروں میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

الیکشن کیلیے مجموعی طور پر 449 پولنگ اسٹیشنز اور ایک ہزار 586 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ جس میں 292 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 197 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

کراچی میں الیکشن کمیشن کے ضلعی دفاتر سے پولیس سیکیورٹی میں انتخابی سامان کی ترسیل کردی گئی۔ سیکیورٹی پلان کے مطابق 6 ہزار 707 پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

کراچی میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولیس کا سیکیورٹی پلان فائنل ہوگیا۔ سیکیورٹی پلان کے تحت 302 پولنگ اسٹیشنز پر 2 ہزار750 کے قریب پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

کوئیک رسپانس فورس میں 476 اہلکار شامل ہونگے، ایک ہزار900 کے قریب پولیس اہلکار ریزرو پولیس کے طور پرموجود ہوں گے۔ مجموعی طور پر 172 مختلف عمارتوں میں انتخابات کا عمل ہوگا۔

الیکش کمیشن دفاتر پر271 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ شہر بھر میں 6 ہزار707 پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی پر ہوں گے۔ 134 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی اس حوالے تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ ضلع حیدرآباد کی پانچ یونین کمیٹیز اور پانچ وارڈز کی نشستوں پر اتوار کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

پولنگ عملے کو سامان کی ترسیل بھی مکمل ہو گئی ہے۔ ضلع حیدرآباد کی پانچ یونین کمیٹی اور پانچ وارڈز میں بلدیاتی الیکشن امیدواروں کے انتقال کے سبب ملتوی کردیے گئے تھے۔

ضلع حیدرآباد میں 37 پولنگ اسٹیشنوں اور 115 پولنگ بوتھ پر 311 مرد اور خواتین پولنگ اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے۔

انتخابات کے حوالے سے تمام 37 پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ 5 یو سیز پر چیئرمین اور وائس چیئرمین جبکہ پانچ وارڈ کی جنرل نشستوں پر 52 امیدوار مدمقابل ہیں جن میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، تحریک لبیک سمیت آزاد امیدوار شامل ہیں۔ ان نشستوں کے لیے 45 ہزار سے زائد مرد اور خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

karachi

Karachi Local Bodies Election 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div