Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

شاہد آفریدی نے افتخار احمد کو نیا نام دے دیا

افتخار قومی ٹیم کو میچ تو نہ جتوا سکے لیکن کرکٹ شائقین اور کرکٹرز کے دل جیت لئے
شائع 18 اپريل 2023 10:02am
فوٹو۔۔۔۔۔ پی سی بی
فوٹو۔۔۔۔۔ پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد کو بوم بوم کا لقب دے دیا۔

شاہد آفریدی نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں اپنی جارحانہ اننگز سے پاکستان کو جیت کے قریب لانے والے افتخار احمد کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں شاہد آفریدی نے افتخار احمد کی جارحانہ بلے بازی پر انہیں شاباشی دیتے ہوئے لکھا کہ افتخار آپ میرے لیے چاچا نہیں ہیں بلکہ آپ بوم بوم ہیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میری خواہش تھی کہ آپ میچ کو جیت کے ساتھ ختم کرکے اپنی اس اننگز کو ایک یادگار اننگز بناتے لیکن مجموعی طور پر پوری ٹیم نے اچھا کھیلا اور اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی، شائقین نے بھی کل کے میچ سے خوب لطف اٹھایا۔

شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کاوش کو بھی سراہا اور ساتھ ہی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ افتخار احمد کو چا چا کے لقب سے بھی پکارا جاتا ہے۔

گزشتہ روز کھیلے گئے 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 164 رنز کا ہدف دیا، ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کا آغاز مایوس کن رہا اور آدھی ٹیم 55 رنز پر پویلین لوٹ گئی پر ایسے میں افتخار احمد نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی۔

8 ویں وکٹ کی شراکت میں افتخار اورفہیم اشرف نے پاکستان کو جیت کی امید دلائی لیکن پھر فہیم اشرف 27 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے پھر افتخار احمد چھکا اور چوکا لگا کر گرین شرٹس کو جیت کے قریب لے آئے لیکن پھر اوور کی چوتھی گیند پر وہ کیچ آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد آخری گیند پر حارث رؤف بھی کیچ دے بیٹھے اور یوں پاکستان ٹیم 159 پر ڈھیر ہوگئی۔

گرین شرٹس کو 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، سیریز میں گرین شرٹس کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

اس میچ میں افتخار احمد نے 250 کے اسٹرائیک ریٹ سے 24 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

افتخار احمد اپنی بلے بازی سے تو قومی ٹیم کو میچ نہ جتوا سکے لیکن انہوں نے کرکٹ شائقین اور کئی کرکٹرز کے دل ضرور جیت لئے، یہی وجہ ہے کہ ٹوئٹر پر اس وقت افتخار احمد ٹاپ ٹرینڈ بنے ہوئے ہیں۔

cricket

lahore

Shahid Afridi

Gaddafi Stadium

t20 series

iftikhar ahmed

PAKvsNZ

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div