Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

وزیرستان اور ڈی آئی خان میں بریگیڈیئر سمیت 4 فوجی شہید

ڈی آئی خان میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 21 مارچ 2023 10:21pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

جنوبی وزیرستان اور ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران بریگیڈیئر سمیت چار فوجی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈہ میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید ہوگئے۔

شہید بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال کا تعلق انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) سے تھا، بریگیڈئیر برکی کے سوگواران میں، زوجہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہے۔

بریگیڈئیر برکی نے پاکستان میں وحشیانہ حملوں خصوصاً اے پی ایس پشاور حملے میں شامل دہشت گردوں کا سراغ لگانے اور انہیں ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے سات اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو جوانوں کی حالت نازک ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی خان میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین جوان شہید ہوگئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق دہشتگردوں نے ڈی آئی خان کے علاقے کھوٹی میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کردی، اطلاع ملنے پرسکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو بند کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سگو میں روکا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں جہنم واصل کر دیئے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران لودھراں کے 42 سالہ حوالدار محمد اظہر اقبال، خانیوال کے 34 سالہ نائیک محمد اسد اور جنوبی وزیرستان کے 22 سالہ سپاہی محمد عیسیٰ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے سرچ آپریشن بھی کیا گیا، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

ISPR

DI Khan

terrorist firing

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div