Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

کوشش ضرور ہوئی لیکن جنرل (ر) راحیل نواز حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے تیار نہیں تھے، فواد حسن

2013 کے الیکشن میں تیسری متبادل طاقت کو لانے کی کوشش ضرور کی گئی تھی جو ناکام ہوئی، فواد حسن فواد
اپ ڈیٹ 10 مارچ 2023 08:45am
Exclusive interview of Fawad Hasan Fawad ( Former Principal Secretary to PM ) | Faisla Aap Ka

وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری اور بیوروکریٹ فواد حسن فواد کا کہنا ہے کہ نواز شریف حکومت کو بھی گھر بھیجنے کی کوشش کی گئی لیکن اس کے لئے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف تیار نہیں تھے۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ کی میزبان عاصمہ شیرازی نے فواد حسن فواد کی کتاب کا ابتدائیہ پڑھا کہ جیل میں ایک رات ایسی بھی تھی کہ میرے (فواد حسن فواد) سیل میں آگ لگ گئی جس دوران بجلی کی تاریں پگھل پگھل کر میرے سیل میں گرنے لگیں، اس سے پہلے سیل کے وسط میں محافظوں کے دفتر کے لوگ آتے، شعلے اس قدر بلند ہوچکے تھے کہ پوری بیرک جاگ گئی اور لوہے کے دروازے جنجھوڑنے شروع کردیے۔

اپنی کتاب میں فواد حسن فواد نے لکھا کہ سیل نمبر 20 میں موجود خواجہ سعد رفیق نے میری فکر میں سیل کا دروازہ اس زور سے پیٹا کہ اپنی پیشانی خون آلود کر بیٹھے، یہ عین انہی دنوں کی بات ہے جب ثاقب نثار اسلام آباد میں منصف اعلی کے مرتب اعلیٰ پر براجمان روز دہائی دیتے تھے کہ انہیں معلوم ہے ہم جیل میں کتنی عیاشی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فواد حسن فواد نے کہا کہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے، سب جانتے ہیں میرا جرم کیا تھا، عوام کو معلوم ہے میرے احتساب کا کیا مقصد تھا، اس کیس میں عدالت نے مجھے باعزت بری کیا ہے۔

اپنی گرفتاری سے متعلق انہوں نے کہا کہ میری گرفتاری کے روز مجھے کہا گیا کہ آپ کی گرفتاری کی خبر ٹی وی پر آگئی ہے لیکن ہم نے ابھی اس کی تصدیق نہیں کی، بس اس کاغذ پر دستخط کردیں جس پر میں نے دستخط کرنے سے انکار کردیا، وہ کاغذ آشیانہ کیس سے متعلق تھا، جب میں نے دستخط سے انکار کیا تو مجھ پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع ہوا۔

میں نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو چیئرمین نیب لگانے کی مخالفت کی

سابق چیئرمین نیب کے حوالے سے فواد حسن نے کہا کہ میں نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو چیئرمین نیب لگانے کی مخالفت کی تھی، میری گرفتاری میں ان کی ذاتی رنجش ہوگی کیونکہ انہیں اس حوالے سے بتا بھی دیا گیا، اس وقت کمرے میں کئی لوگ موجود تھے، میں نے جسٹس وجیہہ الدین کو نیب کا چیئرمین لگانے کی تجویز کی تھی، میرا مؤقف تھا کہ جسٹس وجیہہ انصاف پسند آدمی ہیں۔

نیب کے اختیارات پر انہوں نے کہا کہ میں نے نیب کے اختیارات کم کرنے کی بھی مخالفت کی، اس کا اختیار کم کردیں تو باقی کچھ نہیں بچتا، اگر نیب کا دائرہ اختیار کم کردیں تو نیب بے مقصد ہو جائے گا۔

2013 کے الیکشن میں تیسری متبادل طاقت کو لانے کی کوشش ضرور کی گئی تھی

فواد حسن فواد نے کہا کہ 2013 میں ن لیگ الیکشن جیتی تو اس وقت بھی یہ خواہش نہیں تھی کہ مسلم لیگ ن انتخابات جیتے لیکن وہ معاملہ ناگزیر ہوگیا، البتہ الیکشن میں تیسری متبادل طاقت کو لانے کی کوشش ضرور کی گئی تھی جو ناکام ہوئی۔

ن لیگ مین دراڑ پڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے فواد حسن فواد نے بتایا کہ پارٹی میں پہلی دراڑ اس وقت پڑی جب نواز شریف نے مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا فیصلہ کیا، میں نواز شریف کے اس تقریب میں جانے کے حق میں نہیں تھا، اس کے بعد 2014 میں دھرنا شروع ہوا اور راستے کھلتے گئے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ نواز شریف کے اس فیصلے پرعوامل فوری کھلنا شروع ہوگئے، کئی تنازعات روز کی بنیاد پر ہوتے تھے جو طے بھی ہوجاتے تھے، البتہ اس دورانیے میں کئی بارکوشش ہوئی کہ حکومت کو گھر بھیج دیا جائے لیکن جنرل (ر) راحیل شریف اس کے لئے تیار نہیں تھے۔

پاناما کیس کے بعد معاشی ترقی کی رفتار متاثر اور نواز شریف کے مسائل میں اضافہ ہوا

سابق پرنسپل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کے بعد معاشی ترقی کی رفتار متاثر اور نواز شریف کے مسائل میں اضافہ ہوا، اس کیس میں جے آئی ٹی بنی تو میں نے نواز شریف کو الیکشن میں جانے کی تجویز پیش کی جس پر وہ آمادہ تھے لیکن ان کے ساتھ سینئر رفقاء نے انتخابات میں جانے کے لئے رضامندی ظاہر نہیں کی۔

نواز شریف جنرل (ر) راحیل کو ایکسٹیشن نہیں دینا چاہتے تھے

سابق آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر فواد حسن فواد نے کہا کہ 2015 میں یہ سلسلہ شروع ہوچکا تھا کہ جنرل راحیل کو تین سال کے لئے ایکسٹیشن دی جائے یا انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کردیا جائے جس پر نواز شریف نے انکار کیا اور یہ وجہ بنا کر پانامہ کیس سامنے آیا۔

NAB

Nawaz Sharif

faisla aap ka

Fawad Hassan Fawad

General (r) Raheel Shareef

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div